فیس بک کا ڈیٹا اُڑانے والی بدنام زمانہ کمپنی کیمبرج اینالٹکا بند ہونے جارہی ہے؟ اصل جواب سن کر آپ بھی مسکرا اُٹھیں گے

فیس بک کا ڈیٹا اُڑانے والی بدنام زمانہ کمپنی کیمبرج اینالٹکا بند ہونے جارہی ...
فیس بک کا ڈیٹا اُڑانے والی بدنام زمانہ کمپنی کیمبرج اینالٹکا بند ہونے جارہی ہے؟ اصل جواب سن کر آپ بھی مسکرا اُٹھیں گے

  

نیویارک(نیوز ڈیسک) جس طرح کتے کی دم کا سیدھا ہونا کسی طور ممکن نہیں اسی طرح جسے ہیرا پھیری کی لت پڑ جائے وہ اس کام سے کبھی باز نہیں آتا۔ ٹیکنالوجی کمپنی کیمبرج انالٹکا بھی ایک ایسی ہی مثال ہے جو کروڑوں فیس بک صارفین کا پرائیویٹ ڈیٹا اچکنے کی وجہ سے ساری دنیا میں بدنام ہو چکی ہے۔ اب اس کمپنی کی انتظامیہ نے نہایت افسردہ شکل بنا کر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا کاروبار بند کر رہے ہیں، لیکن آپ جانتے ہیں کہ کتے کی دم سیدھی نہیں ہو سکتی۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک چال ہے کیونکہ یہ کمپنی جلد ہی ایک نیا روپ دھار کر پھر سے وہی کام کرنے والی ہے جو وہ پہلے کر رہی تھی۔

نیوز ویب سائٹ ’دی رجسٹر‘ کے مطابق کیمبرج اینالٹکا کو بند کرنے کا حیران کن اعلان بدھ کی شام سامنے آیا۔ اس کمپنی نے تقریباً 8 کروڑ فیس بک صارفین کا پرائیویٹ ڈیٹا اکٹھا کیا تھا۔ اس ڈیٹا کی مدد سے ان صارفین کو مخصوص اشتہارات اور سوشل میڈیا پوسٹ بھیجی گئیں تاکہ انتخابات کے دوران ان کے فیصلے پر اثر انداز ہواجاسکے۔ اگرچہ کمپنی کا موقف رہا ہے کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا لیکن میڈیا میں اس قدر ہنگامہ برپاہواکہ اس کے تمام بڑے کسٹمرز اور سپلائرز اسے چھوڑ چکے ہیں۔

اب کیمبرج اینالٹکا کا کہنا ہے کہ یہ اپنا کاروباری آپریشن فوری طور پر بند کررہی ہے اور یونائیٹڈ سٹیسٹس بینک کرپسی کورٹ میں اپنا کیس فائل کررہی ہے۔ امریکہ اور برطانیہ میں اس کا آپریشن بند ضرور ہورہا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ہی کمپنی کو نئے نام سے لانچ کرنے کی تیاریاں بھی ہورہی ہیں۔ برطانیہ میں کاروباری اداروں کے رجسٹرار کے پاس ایمرڈیٹا لمیٹڈ کے نام سے ایک کمپنی رجسٹرڈ ہے جس کے دفتر کا پتہ اور سرمایہ کاروں کی تفصیل کمبرج اینالٹکا کی جمع کروائی گئی معلومات سے ملتی جلتی ہے۔ ایمرڈیٹا نے اپنے کاروباری کی نوعیت بھی ڈیٹا پراسنگ، ہوسٹنگ اور متعلقہ سرگرمیاں بتائی ہے۔ اس کی سینئر مینجمنٹ کے نام بھی وہی ہیں جو کیمبرج اینالٹکا کی سینئر مینجمنٹ کے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کیمبرج اینالٹکا کا شٹ ڈاﺅن دراصل کمپنی بند کرنے سے زیادہ مارکیٹنگ کی ایک چال ہوسکتی ہے کیونکہ ایمرڈیٹا کے نام سے ان کی دوسری کمپنی پہلے ہی رجسٹرڈ ہے اور یہی کام جاری رکھنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /بین الاقوامی /سائنس اور ٹیکنالوجی