صحافت سوسائٹی کا آئینہ،ریاست کا چوتھا ستون ہے،طاہرالقادری

صحافت سوسائٹی کا آئینہ،ریاست کا چوتھا ستون ہے،طاہرالقادری

  



لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ صحافت سوسائٹی کا آئینہ اور ریاست کا چوتھا ستون ہے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ پہلی آواز صحافتی ایوانوں سے بلند ہوئی،سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 2014 ء کے دھرنے میں پاکستان کا الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا مظلوموں کی آواز بنا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے شعبہ نشر و اشاعت کے ذمہ داران اور سٹاف ممبران سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے،ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ فلاحی ریاست کی تشکیل اور حقیقی جمہوری معاشرے کے قیام اور اس کے استحکام میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے، ملک میں آمریت ہو یا جمہوریت صحافیوں نے اس کی بڑی قیمت چکائی، انتہائی نامساعد حالات میں بھی میڈیا سے وابستہ کارکنان صحافی،رپورٹرز، اینکرز اپنا قومی و ملی کردار ادا کررہے ہیں جس پر ہم انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صحافی باشعور، جرأت مند اور مشکل ترین حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ صحافیوں کو ان کی ملازمتوں کا تحفظ اور ان کے اہل و عیال کو تعلیم، صحت اور علاج کی مفت سہولیات ملنی چاہیئں اور میڈیا کو بطور انڈسٹری پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے حکومت کو ہمدردانہ اور ذمہ دارانہ پالیسی مرتب کرنی چاہیے۔

طاہرالقادری

مزید : صفحہ آخر


loading...