بارشوں سے متاثرہ کسانوں کوامدادی پیکیج دیاجائیگا،صمصام بخاری

بارشوں سے متاثرہ کسانوں کوامدادی پیکیج دیاجائیگا،صمصام بخاری

  



لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز موخرکردی ہے اور کہا ہے کہ عوام پر اضافی کرایوں کا بوجھ ڈالنے کا فوری طور پر امکان نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ژالہ باری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں لاہور میں پولیو کیس سامنے آنے پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا اور انسداد پولیو کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا-وزیر اعلیٰ نے انسداد پولیو کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو مل کر انسداد پولیو کیلئے کاوشیں کرنا ہوں گی،صمصام بخاری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی-اجلاس میں پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) ایکٹ 1997ء ختم کرنے کا فیصلہ کیاگیااور پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) ایکٹ کی جگہ کھال پنچائیت اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا- کابینہ نے کھال پنچائیت ایکٹ 2019ء کی منظوری دی-کھال پنجائیت کسانوں پر مشتمل ہو گی- اجلاس میں گندم خریداری مہم اوپن کرنے کا فیصلہ کیا گیا-پنجاب حکومت ہر اس کسان سے گندم خریدے گی جو اپنی گندم خریداری مرکز پر لائے گا اور اس ضمن میں کاشتکاروں کی آسانی کیلئے سابقہ طریقہ کار میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے - وزیراطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اورکابینہ نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی۔دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ صحافتی اقدار پر قدغن لگانا موجودہ حکومت کی پالیسی نہیں ہے۔ جو دل کرتا ہے خبر شائع کریں لیکن الفاظ کا انتخاب بہتر ہونا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان سے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے درخواست کروں گا۔صوبائی وزیر اطلاعات صمام بخاری کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا بجا لیکن اچھے کاموں کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔ اْن کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مسائل حل ہو جائیں گے۔

صمصام بخاری

مزید : صفحہ آخر