سی پیک سے فاٹا اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ مستفید ہوں گے: عارف علوی 

سی پیک سے فاٹا اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ مستفید ہوں گے: عارف علوی 

  



اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری  سے خطے کی شکل بدل جائے گی، فاٹا اور خیبر پخونخوا سب سے زیادہ مستفید ہوں گے، آن لائن بزنس کی وجہ سے کاٹیج انڈسٹری میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس  سے خواتین کے لئے خاص طور پر مواقع پیدا ہوں گے۔  جمعہ کو فاٹا اور خیبرپختونخوا کے طالب علموں کے ایک وفد نے صدر ڈاکٹر عارف علوی  سے ملاقات کی جس  میں گفتگو کرتے ہوئے صدر  مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنے کیلئے ہم سب کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی ایک بٹن دبانے سے ختم نہیں ہوگی بلکہ یہ ایک طویل اور صبر آزما جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ بہتری کے اس ماحول کو مزید سرمایہ کاری اور سیاحت کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ پاکستانی کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے۔  قبل ازیں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے  اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ حاجر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آزادانہ نظام اوربڑھتے ہوئے اقتصاد ی مواقع کے باعث  سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ صدر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کا پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے اور اب ہم خصوصی اقتصادی زونز سمیت دوسرے مرحلے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں جس کے تحت پاکستان کا ٹرانسپورٹ کا نیٹ ورک اقتصادی راہداری  پر منتقل ہوجائے گا۔صدر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ موجودہ حکومت ملک کو معاشی چیلنجوں سے نکالنے کیلئے اصلاحات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی اور روزگار کے موقع بڑھانے کیلئے سستے گھروں   چھوٹے اور درمیانے درجے کے شعبوں کے کاروبار پر بھی توجہ دے رہی ہے۔صدر نے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کیلئے اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بنک کے درمیان موجودہ شاندار دوطرفہ تعاون آئندہ برسوں میں مزید مستحکم ہوگا۔

صدر عارف علوی

مزید : صفحہ آخر


loading...