حکومتی سرپرستی ہوتو ملک کا نام روشن کر سکتی ہوں: عاصمہ بی بی

حکومتی سرپرستی ہوتو ملک کا نام روشن کر سکتی ہوں: عاصمہ بی بی

  



اسلام آباد (این این آئی)جوڈو کی قومی کھلاڑی عاصمہ بی بی نے کہا ہے کہ حکومت سہولیات فراہم کرے تو جوڈو میں بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتی ہوں،گذشتہ روزپاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمید ی ہال میں جاری قومی جوڈوچمپئن شپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے پہلی بار اسلام آباد کی ٹیم کی جانب سے قومی جوڈوچمپئن شپ میں حصہ لیا اور 52 کلوگرام میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا، یہ سب اللہ تعالیٰ کی رحمت، میرے والدین اورکوچز کی دعاؤں کی وجہ سے ہوا، میں نے قومی جوڈوچیمپئن شپ کی تیاری کے لئے بھر پور محنت کی اور مجھے اس محنت کا پھل مل گیا ہے انہوں نے کہا کہ میں خیبرپختونخوا جوڈو چمپئن شپ کی 48 کلوگرام اور 52 کلوگرام کی چمپئن بھی رہ چکی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں 20 سالہ عاصمہ بی بی نے کہا کہ میں ایبٹ آباد کی رہنے والی ہوں اور مجھے ایبٹ آباد میں جوڈو کے مقابلے دیکھ کر مجھے بھی جوڈو کھیلنے کا شوق ہوا اور آج میں قومی جوڈوچمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرکے بہت خوشی محسو س کر رہی ہوں اور ٹورنامنٹ کے زیادہ سے زیادہ انعقاد سے نئی ٹیکنیک سیکھنے اور کھلاڑیوں کواپنی خامیوں کو دور کرنے کا موقع ملتا ہے انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے زیادہ سے زیادہ انعقادسے نئے ٹیلنٹ سامنے آنے کی بھی توقع ہوتی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان خود بھی ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان1992 ء کرکٹ کا عالمی چمپئن بنناہے ان کو ذاتی دلچسپی لے کر کھیلوں پر توجہ دینی چاہئے۔

،اس موقع پر موجود اسلام آباد جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر ظریف احمد خان اور فنانس سیکرٹری اویس ستی نے عاصمہ بی بی کوقومی چمپئن جوڈوشپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب عاصمہ بی بی کی محنت کا نتیجہ ہے اور اسلام آباد جوڈو ایسوسی ایشن عاصمہ بی بی کو کھیل کے میدان میں تمام سہولیات فراہم کرے گی اور ہماری خواہش ہوگی کہ عاصمہ بی بی آئندہ برس قومی چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ حاصل کرے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...