صدرالخدمت فاؤنڈیشن کی ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات
لاہور (پ ر)دی یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ(UNIW)کے 8رکنی وفدنے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور اور یونیو کے سیکرٹری جنرل علی کرت کی زیرِ سربراہی ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد سے ملاقات کی۔ملائیشیا کے دارالحکومت پتراجا یا میں مقامی این جی او، البخاری فاؤنڈیشن کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں یونیو کے مصر، یمن، ملائشیا، ترکی، انڈونیشیا اور پاکستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ملاقات کا مقصدمسلم ممالک کے مابین انسانیت کی خدمت کے حوالے سے مواقع پیدا کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ملاقات کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم نے یونیو کی خدمت خلق کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یونیو نے دنیا بھر کے مسلم فلاحی اداروں کو ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے کہ وہ اس کا حصہ بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی مشکل کی گھڑی میں مسلم این جی اوز کواپنی خدمات کا دائرہ کار مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ غیر مسلم ممالک میں بھی بڑھانا چاہیئے۔اس موقع پر محمد عبدالشکور نے ڈاکٹر مہاتیر محمد سے درخواست کی کہ سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوا ر ایسٹر کے موقع پر پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد ملائشیا، پاکستان اور ترکی کی جانب سے سری لنکا میں متاثرہ عیسائی کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک اعلیٰ سطحی وفد کو سری لنکا بھیجا جانا چاہیئے۔ وزیر اعظم نے محمد عبدالشکور کی رائے کو سراہا۔