ایک بچی کی ماں کیوی وزیراعظم نے منگنی کر لی، شادی اگلے سال
ولنگٹن(آئی این پی) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایسٹر کے موقع پر ساحل سمندر پر منگنی کرلی،41سالہ کلارک گفورڈ نے جیسنڈا آرڈرن کو ہیروں کی انگوٹھی پہنائی اور اس موقع پر دونوں انتہائی خوش دکھائی دیے، خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں نومبر 2020 سے قبل شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر نیوکرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشت گردانہ حملوں میں 50 نمازیوں کی شہادت کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر شہرت حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے منگنی کرلی۔38 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست اور ٹی وی اینکرپرسن 41 سالہ کلارک گفورڈ سے گزشتہ ہفتے منگنی کی تھی۔دونوں نے ایسے وقت میں منگنی کی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے انتخابات میں ایک سال رہ گیا ہے اور جیسنڈا آرڈرن کی جانب سے منگنی کرنے کے فیصلے کو سیاسی مقبولیت حاصل کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گفورڈ نے اگرچہ اب منگنی کی ہے، تاہم دونوں کے ہاں 21 جون 2018 کو پہلی بچی کی پیدائش ہوئی تھی۔دونوں کے درمیان 2014 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے نیوزی لینڈ کے الیکشن قوانین کے تحت میڈیا کے سامنے جوڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔اور اب جب کہ نیوزی لینڈ کے انتخابات میں ایک سال رہ گیا ہے تب دونوں نے منگنی کرلی اور ممکنہ طور پر دونوں الیکشن سے قبل شادی کرلیں گے۔نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے اپنی رپورٹ میں وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے ایسٹر کے موقع پر ساحل سمندر پر منگنی کی۔رپورٹ کیمطابق کلارک گفورڈ نے جیسنڈا آرڈرن کو ہیروں کو انگوٹھی پہنائی اور اس موقع پر دونوں انتہائی خوش دکھائی دیے۔اگرچہ وزیر اعظم کی ترجمان نے دونوں کی شادی کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں نومبر 2020 سے قبل شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
نیوزی لینڈ وزیر اعظم