وزیر بلدیات شہرام ترکئی سے کراچی سے منتخب ایم این اے عالمگیر خان کی ملاقات

وزیر بلدیات شہرام ترکئی سے کراچی سے منتخب ایم این اے عالمگیر خان کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی سے کراچی سے منتخب ممبر قومی اسمبلی اور فِکس اِٹ کے بانی عالمگیر خان نے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے جبکہ سماجی تحریک فِکس اِٹ کے ذریعے پشاور میں سڑکوں کی معمولی مرمت، نکاسی آب، صفائی اور اسی طرح کے دیگر سماجی بہبود کے کاموں کی انجام دہی کیلئے محکمہ بلدیات کے تعاون اور شہریوں میں سماجی تعلیم کے فروغ اور شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر فِکس اِٹ تحریک کے جنرل سیکرٹری اور پشاور کی ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔ ممبر قومی اسمبلی عالمگیر خان نے تنظیم فکس اٹ کے ذریعے پشاور میں صفائی کرنے، کچرا اٹھانے، سڑکوں پر موجود گڑھوں کی مرمت، کھلے مین ہولز کو بند کرنے اور شہریوں کی سماجی تعلیم و تربیت کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت خصوصاً محکمہ بلدیات سے اس ضمن میں مدد اور تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام امور کی انجام دہی کے لیے ان کی تنظیم کے پاس رضاکار اور مناسب مشینری موجود ہے جبکہ وہ آئندہ ایک سے دو ماہ کے دوران یہاں تنظیم کو متحرک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے پشاور میں سماجی خدمات کے لیے ان کے عزم کا خیر مقدم کیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سن کر دلی خوشی ہوئی کہ فکس اِٹ اپنے رضاکاروں کے ذریعے پشاور کے شہریوں کے لئے سماجی خدمات سرانجام دینا چاہتی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے موقع پر متعلقہ حکام کو رضاکاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی۔ اس موقع پر عالمگیر خان خیبرپختونخوا حکومت انقلابی اقدامات جن میں صحت انصاف کارڈ اور نیا بلدیاتی نظام شامل ہیں کی تعریف کی اور صحت انصاف کارڈ طرز کا منصوبہ کراچی میں بھی شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔