مریم نواز کو بھی اہم عہدہ مل گیا

مریم نواز کو بھی اہم عہدہ مل گیا
مریم نواز کو بھی اہم عہدہ مل گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر اور مریم نواز کو نائب صدر مقرر کر دیا،صدر ن لیگ شہباز شریف نے تنظیم نو کا اعلامیہ لندن سے جاری کیا اور عہدیداروں کی تعیناتی پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی رہنماوں کی مشاورت سے کی گئی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ 16 نائب صدور مقرر کیے گئے ہیں۔مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر اور احسن اقبال کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا ہے۔ بلیغ الرحمان اور عطاءاللہ تارڑ کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مریم نواز کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور مریم اورنگزیب کو سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح رانا ثناء اللہ کو مسلم لیگ ن پنجاب کا صدر اور اویس لغاری کو مسلم لیگ ن پنجاب کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ عباس آفریدی اور طلال چوہدری مسلم لیگ ن کے جوائنٹ سیکریٹری ہوں گے۔ایاز صادق، عابد شیر علی، برجیس طاہر، حمزہ شہباز کو بھی ن لیگ کا نائب صدر ،حنیف عباسی مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر نائب صدرمقرر کیا گیا ہے۔ مشاہداللہ خان، پرویز رشید، رانا تنویر، سردار مہتاب اور محمد زبیر بھی ن لیگ کے نائب صدور مقرر ہو گئے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ن لیگ انٹرنیشنل افیئرز کا صدر ، مفتاح اسماعیل کو مسلم لیگ ن سندھ کا جنرل سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔طارق فاطمی کو مسلم لیگ ن کا سیکریٹری پالیسی اینڈ ریسرچ تعینات کیا گیا ہے جب کہ شیزہ فاطمہ خواجہ کو سیکریٹری پارلیمانی امور اور عائشہ رضا فاروق کو سیکریٹری ممبرشپ اینڈ ٹریننگ مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی 13 رکنی ایڈوائزری کونسل بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، اسحاق ڈار، احسن اقبال،خواجہ آصف، مشاہد حسین سید، مصدق ملک، قیصر شیخ، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل اور عائشہ غوث پاشا  شامل ہیں۔

مزید :

سیاست -