کراچی سے محض 10ہزار روپے کیلئے بچیاں اغوا کیے جانے کا انکشاف، اغواکار نے ساری کہانی بے نقاب کردی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد سے محض دس ہزار روپے کے لیے معصوم بچیوں کے اغوا کا انکشاف ہوا ہے ، یہ نیٹ ورک کراچی سے بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے اور شبہ ہے کہ پاکستانی لڑکیوں کو اغوا کرکے افغانستان سمگل کیاجاتاہے ۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ملزم امین اللہ کو فیڈرل بی ایریاسے ایک بچی کے اغوا کی کوشش کے دوران گرفتار کیاگیا ہے اور ملزم امین اللہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ایک بچی کے اغوا کے دس سے پندرہ ہزار روپے ملتے تھے اور اغوا کے بعد بچی کو بلوچستان کے علاقے پشین میں عطا محمد کے گھر منتقل کردیتے جہاں وہ عطا کے اہلخانہ کیساتھ رہتیں۔ ملزم نے بتایاکہ بچوں کے اغوا سے قبل علاقے میں شربت اور کھلونے کی دکان لگاتے اورموقع ملتے ہی بچوں کو اٹھا لیتے ، ملزم نے رکشہ ڈرائیورسمیت پانچ ساتھی ملزمان کے نام بھی بے نقاب کردیئے ۔
پولیس کے مطابق گروہ کی طرف سے تین بچیوں کے اغوا کا انکشاف ہوا ہے تاہم ملزم کو بچیوں کے نام معلوم نہیں جس کی وجہ سے فوری مزید کچھ کہنا قبل ازوقت ہے ، ریکارڈ چیک کرنے کے بعد صورتحال واضح ہوگی ۔