لندن ہائی کورٹ نے عارف نقوی کی ضمانت کی توثیق کردی

لندن ہائی کورٹ نے عارف نقوی کی ضمانت کی توثیق کردی
لندن ہائی کورٹ نے عارف نقوی کی ضمانت کی توثیق کردی

  

لندن (ویب ڈیسک) لندن ہائی کورٹ نے امریکہ کی اپیل رد کرتے ہوئے عارف نقوی کی15ملین پونڈ میں ضمانت پر رہائی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے، جج نے امریکی وکیل کا یہ موقف مسترد کردیا کہ پاکستان کے عمران خان انھیں برطانیہ سے فرار کرانے کیلئے پرائیویٹ طیارہ بھجوائیں گے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق جج نے ان دلائل کو بھی بے وزن قرار دیا کہ عارف نقوی کے معروف شخصیات سے تعلقات ہیں، جج نے یہ دلیل بھی رد کردی کہ عارف نقوی کے پاس بھی پاکستان میں بن لادن جیسا ایک کمپاﺅنڈ ہے، جہاں برطانیہ سے فرار کے بعد وہ قیام کریں گے، جج نے یہ دلیل بھی رد کردی کہ عارف نقوی کی دسترس میں لاکھوں پونڈ ہیں اور وہ انصاف سے بچنے کیلئے برطانیہ سے فرار کیلئے یہ رقم استعمال کرسکتے ہیں۔

عدالت میں عارف نقوی کے وکیل نے یہ موقف اختیار کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ عارف نقوی کی ضمانت کیلئے 15ملین پونڈ کی ضمانت کی رقم عارف نقوی کے مداح فراہم کررہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے مداح ان کی کتنی عزت کرتے ہیں۔ عدالت نے وکیل کی یہ دلیل قبول کرلی کہ ابراج کے ختم ہونے کے بعد عارف نقوی مکمل تعاون کررہے ہیں اور انھوں نے گیٹس فاﺅنڈیشن کو سود کے ساتھ رقم واپس کی ہے۔ لندن ہائی کورٹ کے جج سے ضمانت کی توثیق کے بعد اب عارف نقوی کو سخت شرائط اور اضافی سیکورٹیز پر رہا کیا جائے گا۔

مزید : برطانیہ