وزیراعظم عمران خان رائیونڈ پہنچ گئے ، گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ کاافتاح
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان رینالہ خورد سے رائیونڈ انڈسٹریل اسٹیٹ پہنچ گئے جہاں جےڈبلیوفورلینڈ کمپنی کی گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہناتھاکہ پہلی بار ملک میں مکمل طور پر گاڑی تیار ہوگی، مستقبل میں الیکٹرک کارکی تیاری سےماحولیاتی آلودگی کم ہوگی، بلواسطہ طورپراس فیکٹری سے 40 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا، پاکستان میں گاڑیاں بنیں گی اوربرآمدبھی کی جائیں گی، غیر ملکی سرمایہ کاری سے ہی معاشی بحران دور ہوگا، سرمایہ کاروں کیلئےآسانیاں پیداکریں گے۔
یادرہے کہ اسے قبل وزیراعظم نے اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھا اوراس موقع پر ان کاکہناتھاکہ آسان کام پچھلی حکومتیں کرچکی ہیں اور اب مشکل کام ہم کریں گے ، رمضان سے قبل اوکاڑہ میں بھی سنگ بنیاد رکھیں گے اور کم تنخواہ دار طبقہ بھی اب بینک سے قرض لے کر گھر بنا سکے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہناتھاکہ مدینہ کی ریاست کاماڈل احساس کی بنیادپرقائم ہوا جہاں جانوروں کابھی خیال رکھاجاتاتھا، مدینے کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، گھروں کی تعمیرایک مشکل منصوبہ ہے، اگریہ منصوبہ مشکل نہ ہوتاتوگزشتہ حکومتیں اس پرعمل کرچکی ہوتیں، گزشتہ حکومتوں نے آسان کام جبکہ ہم مشکل کام کررہےہیں، ہمیں 5 سال میں 50 لاکھ گھربنانے ہیں۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ جس معاشر ے میں احساس نہ ہووہ معاشرہ کبھی آگے نہیں بڑھتا، ترقی یافتہ معاشروں میں حکومتیں اپنے عوام کی ضروریات پوری کرتی ہیں،ریاست مدینہ نے کمزورطبقے کواوپراٹھایااوریہ مضبوط ریاست بنی۔