’’ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ مفاہمت صرف ایک شرط پر ہو سکتی ہے‘‘شوکت یوسفزئی نے فارمولہ دے دیا
دبئی( صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت صرف ایک شرط پر ہو سکتی ہے کہ ان جماعتوں کے لیڈرز لوٹی گئی قومی دولت واپس کر دیں،زرداریوں اور شریفوں نے ملک کو لوٹ کر 30ارب کا مقرض کیا ، عمران خان نے23سال سیاسی جدوجہد کرکے ان سے پاکستان کو آزاد کردیا ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا ،اوور سیز پاکستانی ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں، ان کو عزت دیں گے ،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پر کشش ملک ہے، تمام اوورسیز پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور پاکستان میں جہاں مرضی سرمایہ کاری کریں، حکومت ان کو تمام سہولیات دے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف یو اے ای کے زیر اہتمام پارٹی کے 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں رضوان بنگش ، عرفان افسر اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ خواتین کی بھی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک میں مشکلات ضرور ہیں ،مہنگائی بھی ہے مگر اس کی وجوہات بھی ہیں، ماضی میں زرداریوں اور شریفوں نے ملک کو لوٹا بھی اور مقروض بھی کیا، اس وقت ہم روزانہ7ارب روپے صرف قرضوں پر سود ادا کر رہے ہیں جبکہ یہ قرضے عمران خان نے نہیں لئے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہادر قوم ہے، ہر مشکل کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی ہے، ہماری فوج اور سیکیورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، آج پاکستان پر ایسا حکمران آیا ہے جو چور اور ڈاکو نہیں ہے، عمران خان ملک کا سوچتے ہیں، وہ غریبوں پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے بہت محنت کر رہے ہیں ،وہ اتوار کو بھی چھٹی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے تحاشہ وسائل ہیں قیمتی معدنیات ، تیل گیس کے ذخائر ، کوئلہ اور وافر مقدار میں پانی موجود ہے، جس سے سستی بجلی بھی پیدا کی جا سکتی ہے ،ہمارے پاس قدرتی اور حسین علاقے ہیں جو ہم ٹورازم کیلئے کھولنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے کئے وعدوں کو پورا کریں گے،ایک وقت آئے گا کہ حقیقی معنوں میں لوگ روزگار کی تلاش میں پاکستان آئیں گے۔ شوکت یوسفزئی نے اوورسیز کے مطالبے پر کہا کہ وہ وزیراعظم کے نوٹس میں ضرور لائیں گے، اوورسیز کیلئے ابھی جنرل الیکشن اور بلدیاتی الیکشن میں 5فیصد ٹکٹ کا کوٹہ مقرر کیا جائے تا کہ اسمبلیوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی بھرپور نمائندگی ہو۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت صرف ایک شرط پر ہو سکتی ہے کہ ان لیڈرز سے قوم کی لوٹی دولت واپس کر دیں۔