وزیر اعظم قوم کو جھوٹی کہانیاں سنانے کی بجائے ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں:شیخ آفتاب احمد

وزیر اعظم قوم کو جھوٹی کہانیاں سنانے کی بجائے ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے ...
وزیر اعظم قوم کو جھوٹی کہانیاں سنانے کی بجائے ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں:شیخ آفتاب احمد

  



اٹک (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم قوم کو جھوٹی کہانیاں سنانے کی بجائے ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں ،مسلم لیگ ( ن ) کی تنظیم سازی اور عہدوں میں تبدیلی کا معاملہ تنظیموں کے معمول کا حصہ ہے، اس کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، ماضی میں بھی ایسے اقدامات ہوتے رہے ہیں لیکن میں حیران ہوں کہ حکومتی وزراء تمام تر ملکی مسائل سے توجہ ہٹا کر صرف اس معاملہ پر بیان بازی کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ملکی معیشت تباہ ہوتی جا رہی ہے۔

 اٹک کینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے  ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہر دن گزشتہ سے بدتر حالات پیدا کر رہا ہے، ادویات کی قیمتوں میں تاریخ ساز اضافہ ، بجلی ، گیس کے نرخوں میں اضافہ پر کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی ، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہا ہے اور سٹاک ایکسچینج ، زرمبادلہ کے ذخائر روز بروز تنزلی کی طرف جا رہے ہیں، ایسی صورتحال کی طرف سنجیدگی سے توجہ مبذول کرنے کے بجائے حکومت کو اس بات کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) میں تنظیم سازی کیوں ہو رہی ہے؟ جھوٹی تبدیلی کے نعروں نے عوام کو جس مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے اس میں سے نکالنے کے لئے اب ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے، یہ ذہنی طور پر ابھی تک کنٹینر پر ہی سوار ہیں اور وہی الزامات کی سیاست کر رہے ہیں جس کا آج تک وہ ثبوت قوم کے سامنے پیش نہیں کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت وزیر اعظم عمران خان کے پاس ہیں تو اس کو قوم کے سامنے لائیں اور جس این آر او کا ذکر آپ کی ہر تقریر میں ہوتا ہے،ان سب کے نام سامنے لائیں جنہوں نے آپ سے درخواست کی ہے، یہ جھوٹی کہانیاں قوم کو سنانا چھوڑ دیں اور ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /اٹک


loading...