کراچی میں کوروناسے متاثرہ ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

کراچی میں کوروناسے متاثرہ ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر فرقان جان کی بازی ہار گئے۔ سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے مطابق 60 سال کے ڈاکٹر فرقان نجی اسپتال میں خدمات انجام دے رہے تھے جہاں وہ مہلک وائرس سے متاثر ہوئے۔ ڈاکٹر فرقان کی اہلیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ڈاکٹر فرقان کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز (کے آئی ایچ ڈی) سے ایک ماہ قبل ریٹائر ہوئے تھے۔ دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فرقان 4 دن قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے اور انہیں 24 گھنٹے قبل وینٹی لیٹر کی اشد ضرورت پڑی، لیکن ایس آئی یو ٹی اور انڈس ہسپتال سمیت کہیں وینٹی لیٹر پر جگہ موجود نہیں تھی۔ اہل خانہ 2 گھنٹے سے زائد ڈاکٹر فرقان کو ایمبولینس میں لیکر وینٹی لیٹر تلاش کرتے رہے، اور بلآخر وہ مردہ حالت میں اوجھا ہسپتال پہنچائے گئے۔خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے متعدد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس کا شکار ہوچکا ہے جبکہ اب تک 3 ڈاکٹر مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر جاں بحق

مزید :

صفحہ آخر -