احساس کفالت کے 2مرحلے کامیابی سے مکمل، رمضان پیکیج بھی شروع ہو گا، مرحلہ وار کاروبار کی اجازت دینے کیلئے ایس او پیز تیار کر لئے: عثمان بزدار

احساس کفالت کے 2مرحلے کامیابی سے مکمل، رمضان پیکیج بھی شروع ہو گا، مرحلہ وار ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجربرادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجر برادری کے لئے مزیدآسانیاں پیدا کرے گی۔ کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روز گار ملے گا۔ کورونا وباء کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے اور ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کاازالہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کا روبارکی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں۔ صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کوبند کر دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیکٹراور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی،سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں۔ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا جائے گا۔ پاور لومزکو کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں اور ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی سفارش کی ہے۔ آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائسسز انڈسٹری کو کھولنے کی تجویز دی ہے جبکہ مارکیٹوں اور بازاروں کومرحلہ وار اوپن کیاجائے گا۔ زوننگ کر کے مارکیٹوں اور بازاروں کو مخصوص دن او رمخصوص اوقات میں کھولنے کی تجویز ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ،عدیل بشیر، احمد ظفر،پرویز لالہ،اکبر شیخ،ایس ایم نبیل اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ عمران، سیکرٹری اطلاعات او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار چھٹی کے روز پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس پہنچ گئے اور پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور ڈیش بورڈ پر مختلف شہروں میں صورتحال کا لائیو مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو پی ڈی ایم اے سینٹرل کنٹرول روم میں ٹڈی دل، کورونا صورتحال، انصاف ا مداد پروگرام اور فلڈ پر بریفنگ دی گئی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں سے ممکنہ طور پر آنے والے ٹڈی دل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔بارکھان، ڈیرہ بگتی، ڈیرہ مراد جمالی اور کشمور میں ٹڈی دل کے جھنڈ دکھائی دے رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں 28 لاکھ ایکڑ رقبہ ٹڈی دل سے صاف کرایا جا چکا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی طور پر تیارکردہ وہیکل ماؤنٹڈ مسٹ مشین کی لاگت 10 گنا کم اور کارکردگی بہترین ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مقامی وسائل سے تیار کردہ وہیکل ماؤنٹڈ مسٹ مشین میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صوبہ کے ہر شہر میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اضلاع اور تمام محکموں کو سوا آٹھ لاکھ حفاظتی گاؤن، سوا سات لاکھ این 95 ماسک اور دیگر طبی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ سپرے مشینیں، تھرمل گنز، فیس شیلڈ، گاگل اور دیگر حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جاچکا ہے۔ماہرین پر مشتمل پی ڈی ایم اے کی سب کمیٹی نے پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹ کا سٹینڈرڈ ڈیزائن تیار کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور اضلاع کو کورونا سے نمٹنے کیلئے 2 ارب 27 کروڑ روپے کے فنڈز بروقت فراہم کئے۔پی ڈی ایم اے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری، نیسلے کی طرف سے ایک کروڑ کا چیک پیش کیا گیا،اضلاع میں ریونیو فیلڈ سٹاف کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔بیرون ملک سے آنے والے شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ وغیرہ بھی کئے جاتے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام تک پہنچانے کے لئے متحرک انداز میں منصوبہ بندی کرکے عملدرآمد کیاجائے۔ پنجاب میں 2 فیصد ہائیر ایجوکیشن کوٹہ مختص کرکے اقلیتوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے پر برطانوی دارالامراکے ارکان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو ہاؤس آف لارڈ کے ممبر لارڈ ایلٹن آف لیور پول کی طرف سے خط لکھ کر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا اور انہوں نے اقلیتوں کے لئے ہائر ایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور شکریہ اداکیا۔ لارڈ ایلٹن آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ برائے پاکستانی مینارٹیز کے کو چیئرمین ہیں۔ لارڈ ایلٹن نے خط میں مزید لکھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے فیصلے سے پنجاب میں ہزاروں اقلیتی نوجوان مستفید ہوں گے۔ 2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں گے۔ اس فیصلے سے اقلیتوں میں نئی مڈل کلاس ابھر کر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے اقلیتی طلبہ کے لئے یونیورسٹیوں میں 2فیصد کوٹہ مختص کرنے پر دنیا بھر میں پاکستان کا شاندار امیج ابھر کر سامنے آیا۔ ہاؤس آف لارڈ کے ممبر لارڈ ایلٹن آف لیور پول نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مثبت فیصلے کو برطانوی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو سامنے لا نے کا عندیہ بھی ظاہر کیا۔

عثما ن بزدار

مزید :

صفحہ اول -