افغانستان میں تمام فریق تشدد میں کمی، استحکام کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں: پاکستان

افغانستان میں تمام فریق تشدد میں کمی، استحکام کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں: ...

  

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت پر ہمیشہ زوردیا ہے جسے ہم خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے لئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ اتوار کو ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ فروری 2020میں طے پانے والا امریکہ طالبان امن معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے اس ضمن میں مزید آگے بڑھنے کے لئے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کا ایک تاریخی موقع میسرآیا ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے تشدد میں بتدریج کمی کی کوششیں افغانستان میں امن کے قیام کے مقصد میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ کورونا وباسے درپیش غیرمعمولی چیلنج اور رمضان کے مقدس مہینے کا تقاضا ہے کہ ایک سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام افغان جماعتوں اور متعلقہ فریقین کے درمیان سیاسی مفاہمت کی اہمیت پر زوردیتا ہے۔ سب کی شمولیت کا حامل سیاسی نظام بلاشبہ ان کوششوں کو تقویت دینے میں مددگار ہوگا جس کی اس نازک گھڑی میں افغان قوم کو اشدضرورت ہے تاکہ وہ درپیش چیلنجوں سے موثر طورپر نبردآزما ہوسکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے حصے کے طورپر پرامن، مستحکم، متحد، جمہوری اور خوشحال افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا جو داخلی طور پر اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھی امن کا حامل ہو۔

پاکستان

مزید :

صفحہ اول -