غیروابستہ ممالک کا ورچوئل سربراہ اجلاس آج،پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت کرینگے

غیروابستہ ممالک کا ورچوئل سربراہ اجلاس آج،پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت ...

  

اسلام آباد (این این آئی)غیروابستہ ممالک کا ورچوئل سربراہ اجلاس (آج) پیر کو منعقد ہوگا،پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت عارف علوی کرینگے، کوویڈ-19کے خلاف جنگ میں غیروابستہ ممالک کی تحریک کے رکن ممالک کے درمیان بہتر روابط پر بھی زور دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق غیروابستہ ممالک کا ورچوئل سربراہ اجلاس (آج)پیر کو منعقد ہوگا، صدر ڈاکٹر عارف علوی غیروابستہ ممالک کے ورچوئل سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ خصوصی آن لائن سربراہ اجلاس میں غیروابستہ ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے غیروابستہ ممالک کی تحریک کے موجودہ سربراہ کے طور پر اجلاس طلب کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ سربراہ اجلاس کے اختتام پر خصوصی اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس کا عنوان“کوویڈ-19کے خلاف متحد”ہوگا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ کوویڈ-19کے خلاف جنگ میں غیروابستہ ممالک کی تحریک کے رکن ممالک کے درمیان بہتر روابط پر بھی زور دیا جائے گا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ غیروابستہ ممالک کی تحریک کے رکن ممالک کی تعداد 120ہے جو ہر خطے سے تعلق رکھتے ہیں، پاکستان تحریک کا فعال رکن ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ صدر عارف علوی نے گزشتہ سال اکتوبر میں باکو میں 18ویں سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

ورچوئل اجلاس

مزید :

صفحہ اول -