صحافت ریاست کا چوتھا ستون اسکے بغیر جمہوریت نامکمل ہے: شہباز شریف

  صحافت ریاست کا چوتھا ستون اسکے بغیر جمہوریت نامکمل ہے: شہباز شریف

  

لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عالمی یوم صحافت پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے،صحافت ریاست کا چوتھا ستون تصور ہوتا ہے،آزادی اظہار رائے بنیادی آئینی حق ہے، اس حق کو سلب کرنا آئین سے غداری کے مترادف ہے،میڈیا معاشرے کا آئینہ ہے جس میں میں عکس دیکھ کر اصلاح کا موقع ملتا ہے۔ اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ذرائع ابلاغ آپ کا وہ دوست ہے جو آپ کے منہ پر سچ بولتا اور آپ کی خامیوں، غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے،میڈیا کا آئینہ توڑنے کی حماقت کرنے والے حکمران ہمیشہ پچھتائے،پاکستان میں آزادی اظہار رائے کے حق کے لئے اہل صحافت نے جدوجہد کی شاندار تاریخ رقم کی ہے،صحافیوں نے اظہار رائے کے چراغ کو روشن رکھنے کے لئے جانوں کی قربانی دی، کوڑے کھائے، جیلوں اور عقوبت خانوں کی نذر ہوئے،میر شکیل الرحمان ضمیر کے قیدی بن کر آزادی اظہار رائے کی خاطر آج جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک پاکستان میں بھی صحافیوں نے تاریخی کردار ادا کیا، میڈیا اور صحافیوں کا قیام پاکستان میں پورا حصہ ہے،مولانا ظفر علی خان، حمید نظامی، سید صلاح الدین، مجید نظامی، میر خلیل الرحمان، آغا شورش کاشمیری، پروفیسر وارث میر سے لے کر آج میر شکیل الرحمان تک سچائی و اصول کے ساتھ اور آمرانہ سوچ کے خلاف کھڑے ہونے والے تمام بزرگوں اور شخصیات کو سلام پیش کرتے ہیں،میرشکیل الرحمان کی گرفتاری اور مسلسل قید کی شدید مذمت کرتے ہیں، میر شکیل الرحمان کی بے بنیاد مقدمے میں گرفتاری پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہے،آزادی صحافت کے دن میر شکیل الرحمان کی رہائی اور میڈیا کی آزادی کا مطالبہ دوہراتے ہیں

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -