1.2کھر ب امدادی پیکیج تما م صوبو ں میں تقسیم ہو گا: شبلی فراز

  1.2کھر ب امدادی پیکیج تما م صوبو ں میں تقسیم ہو گا: شبلی فراز

  

اسلام آباد (آئی این پی،آن لائن(وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے سندھ کو دی گئی وفاق کی امداد بلاول کی لاعلمی کا پول کھول رہی ہے، سندھ کی 45 ہزار صنعتوں اور 7 لاکھ 70 ہزار کمرشل صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا، ساتھ ہی یوٹیلیٹی اسٹورز کا ریلیف دیگر صوبوں کی طرح سندھ کو بھی ملا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک ڈیفرڈ اسکیم کا آسان قرض سندھ میں بھی فراہم کیا گیا ہے اور ایک اعشاریہ دو کھرب کا امدادی پیکیج سندھ سمیت تمام صوبوں میں تقسیم ہو گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سندھ میں 27 ارب روپے احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت تقسیم کیے، ماسک، حفاظتی سوٹ، ٹیسٹنگ کِٹس، تھرمل گنز، سینیٹائزرز و دیگر اشیاء بھی سندھ کو فراہم کیں۔شبلی فراز نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے سندھ کو دی گئی وفاق کی امداد بلاول کی لاعلمی کا پول کھول رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مشورہ دیا کہ بلاول خود کو سیاست میں زندہ رکھنے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا پارہ پارہ نہ کریں، اپوزیشن سیاست کی بجائے کورونا کے خلاف جنگ میں وزیراعظم کا ساتھ دے۔علاوہ ازیں آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی اور آئینی حق پر پوری طرح یقین رکھتی ہے، معاشرے کی ترقی میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے۔ آزادیِ اظہار مہذب جمہوری معاشرے کی اساس اور انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے صحافی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی صحافت کے موقع پر قلم کی حرمت کیلئے لازوال قربانیاں دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہدائے صحافت کو سلام جنہوں نے اپنے لہو سے حْریت فکر کی شمع کو فروزاں رکھا۔

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -