خیبر پختونخوا گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام کی منظوری اہم سنگ میل ہے: محمود خان

خیبر پختونخوا گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام کی منظوری اہم سنگ میل ہے: ...

  

پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی کابینہ سے خیبر پختونخوا گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کے قیام کی منظوری کو موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی دفعہ صوبائی سطح پر اپنی نوعیت کی اس پہلی کمپنی کے قیام سے اب صوبائی حکومت بجلی کی اپنی پیداوار کو اپنے گرڈ اور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے ذریعے ترسیل اور تقسیم کرنے کے قابل ہوجائے گی جبکہ اس وقت صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار کی ترسیل اور تقسیم کے لئے نیشنل گرڈ اور ٹرانسمیشن سسٹم پر انحصار کررہی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمپنی کے قیام سے صوبائی حکومت کی اپنی پیدا کردہ بجلی کو نیشنل گرڈ میں دینے یا مقامی صارفین کو دینے میں آسانی ہوگی اور یہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم کار میں خود انحصاری حاصل کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس کمپنی کے قیام سے صوبے میں صنعتوں اور دیگر کمرشل صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے گی جس سے یہاں صنعتوں اور کاروبار کو فروغ ملے گا اور اس طرح یہاں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ خیبر پختونخوا میں پن بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت وفاق کے تعاون سے ان مواقع کو استعمال میں لاکر نہ صرف صوبے بلکہ ملک کو بھی بجلی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔

محمود خان

مزید :

علاقائی -