حکومتی اقدامات سے سارے طبقات مطمئن ہیں،ہمایوں اختر

  حکومتی اقدامات سے سارے طبقات مطمئن ہیں،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپوزیشن عوام کا ساتھ دے کر اپنی ساکھ بحال کر سکتی تھی لیکن بد قسمتی سے وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں منفی پراپیگنڈا اور مایوسی پھیلانے کو ترجیح دی گئی، حکومت اقدامات سے سارے طبقات مطمئن ہیں۔وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کورونا کی وجہ سے درپیش مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اس کے منفی اثرات کو زائل کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔
،حکومت کے اقدامات سے سارے طبقات مطمئن ہیں صرف اپوزیشن کو سیاسی مخالفت کی وجہ ”قرار“نہیں آرہا جس کا کوئی علاج نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131کے پارٹی رہنماؤں اور متحرک کارکنوں سے امدادی کاموں کے سلسلہ میں مشاورت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے آفت کے موقع پر تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے اور کسی بھی سطح پر کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی یہ سوچ ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوئیں تو ان کا یہ اقدام حکومت کی کامیابیوں کی تائید کرنا ہوگا اس لئے جان بوجھ کر ملک میں اتحاد کی بجائے نفاق پیدا کرنے اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی گئی اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بھرپور توجہ کے ساتھ اپناکام جاری رکھے ہوئے ہے اور جب تک اس وباء سے چھٹکارا نہیں مل جاتا حکومت اپنی کاوشوں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔