خریداری ٹارگٹ‘ گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف بڑے آپریشن کا حکم

خریداری ٹارگٹ‘ گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف بڑے آپریشن کا حکم

  

ملتان (سپیشل رپورٹر)آندھی،بارش اور خراب موسم محکمہ خوراک کے گندم خریداری مہم میں آڑے آنے لگا۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خریداری کے سرکاری ہدف کو حاصل کرنے کے لئے گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا ہے اوراسسٹنٹ کمشنرز کو فیڈ ملز،فلور ملز، رائس ملزاور گوداموں پر چھاپے مارنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا ہے کہ غیر قانونی طورپر سٹاک کی گئی گندم ضبط کر لی جائے، گندم کی بین الاضلاعی نقل حمل پر(بقیہ نمبر52صفحہ6پر)

عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمدکرایا جائے،عامر خٹک نے کہا کہ ضلع میں 21 لاکھ 84 ہزار185بوری گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ضلع میں 5 ہزار 245کسانوں کو باردانہ جاری کیا جا چکا ہے،انہوں نے کہاکہ ٹارگٹ کے مطابق 55 فیصد گندم خرید لی گئی ہے جبکہ ہدف کے مطابق 80 فیصد بار دانہ جاری کیا جا چکا ہے۔دوسری طرف گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرجلال پورپیروالہ غلام سرور نے پرمٹ روڈ پر چھاپہ مار کرجمیل شاہ نامی زمیندار کے ڈیرے سے 3 ہزار من گندم برآمد کر لی ہے خفیہ اطلاع کے مطابق گندم لودھراں منتقل کی جارہی تھی۔ ذخیرہ کی گئی گندم محکمہ خوراک کے جگو والا سنٹرکے حوالے کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں پرائس مجسٹریٹ ملک نعمان نے خانیوال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گندم 1470 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے فروخت کرنے پر بیوپاری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیاہے اور قبضے میں لی گئی 2سو من گندم محکمہ خوراک کے حوالے کر دی ہے۔

آپریشن

مزید :

ملتان صفحہ آخر -