پنجاب پر نالائق حکومت مسلط، پی ٹی آئی کو آئندہ الیکشن میں امیدوار نہیں ملیں گے: احسن اقبال

  پنجاب پر نالائق حکومت مسلط، پی ٹی آئی کو آئندہ الیکشن میں امیدوار نہیں ملیں ...

  

نارووال (نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن)احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کے انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کو تباہ کردیا ہے،نارووال سپورٹس سٹی پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ تھا جہاں گلگت سے لیکر گوادر تک ملک بھر کے نوجوانوں کو سپورٹنگ ٹیلنٹ میں دنیا کے بہترین کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ دینا تھی لیکن یہ منصوبہ(بقیہ نمبر7صفحہ6پر)

پی ٹی آئی کی انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ گزشتہ روزنارووال سپورٹس سٹی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ وہ منصوبہ ہے جس پر دو اعشاریہ پانچ ارب خرچ ہوچکے ہیں اور فقط مزید40 کروڑ سے اس نے مکمل ہونا تھا۔ دوسال سے اس پر کام روکے جانے کی وجہ سے اب یہ ایک سفید ہاتھی بن چکا ہے۔ اسپورٹس سٹی کیلئے کروڑوں روپوں کا لایا گیا سامان صرف حکومت کی طرف سے کام روکے جانے کی وجہ سے اب بیکار ہوچکا ہے۔ حکومت نے نہ صرف ترقیاقی پہیے کو روکا ہے بلکہ ریورس گیئر لگا دیا ہے۔ آج اس جیسے منصوبے التواء کا شکار ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ میری منسٹری میں 3200 ارب روپوں کے منصوبوں میں اگر میں نے ایک روپے کا بھی مالی فائدہ اٹھایا ہے تو ثابت کریں۔ اس حکومت نے صرف کردار کشی کی ہے۔ انہوں نے جو جھوٹ بولا ہے اگلے الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ میرے اوپر مالی فائدہ لینے کا الزام نہیں تھابلکہ یہ تھا کہ نارووال میں سپورٹس سٹی کا منصوبہ کیوں بنایا گیا۔یہ کوئی جواء خانہ اور شراب کا اڈا تو نہیں تھا یہ تو نوجوانوں کیلئے کھیلوں کا منصوبہ تھا اور اس جیسے بیسیوں منصوبے پاکستان کے ہر شہر میں بننے چاہیں۔ ہم پچھلے تین ماہ سے کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ابھی تک حکومت قومی حکمت عملی پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر سکی ابھی تک حکومت اور ان کے وزیر سندھ حکومت سے لڑ رہے ہیں ابھی تک یہ حکومت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کو مان نہیں رہی کیونکہ وہاں مسلم لیگ ن کی حکومتیں ہیں جو حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایک قومی پالیسی نہیں بنا سکی وہ اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کیا کرے گی؟۔ وقت آئے گا تو سپورٹس سٹی پر اضافی لاگت کے پیسے عمران خان اور نیب سے وصول کے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی نااہلی سے کورونا میں اضافہ ہوا یہ پنجاب کے ساتھ بدترین مذاق ہے۔ پنجاب پر نااہل نالائق حکومت مسلط کی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس فوری بلایا جائے آٹا چینی چوری سے توجہ ہٹانے کے لیے اٹھارویں ترمیم کا شوشہ چھوڑا گیا۔اصل مسئلہ اٹھارویں ترمیم نہیں نااہلی اور نالائقی ہے۔اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کوٹکٹ دینے کے لیے کوئی امیدوار بھی نہیں ملے گا۔ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں سپورٹس سٹی منصوبے کی تباہی کا نوٹس لیں۔

احسن اقبال

مزید :

ملتان صفحہ آخر -