ملک میں خوف کی فضا ختم، اب معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرینگے: وزیراعظم 

ملک میں خوف کی فضا ختم، اب معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرینگے: ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے معاشی عمل مزید تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کنٹرول کرنے کیلئے سارے وسائل استعمال کر رہے ہیں اور بہتر حکمت عملی کے تحت خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی موجودہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گڈ گورننس اور انتظامی معاملات میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز پربھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران ملک میں سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا اور مجھے خوشی ہے کہ معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا۔ ملک میں معاشی عمل مزید تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مشکل صورت حال میں حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجزدئیے گئے۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی جاری رکھنے کیلئے مختلف آپشنز سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے جانے کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ ڈاکٹربابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے سے پہلے حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔ انتظامات تسلی بخش ہوئے تو قانون سازی کو بلاتا خیر شروع کیا جائے گا

وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -