" یونس خان کو ناکام کپتان بنانے کیلیے پلیئرز نے نیوزی لینڈ سے سیریز میں جان بوجھ کر خراب پرفارم کیا تھا" رانا نوید الحسن بھی پرانی فائل کھول کر بیٹھ گئے

" یونس خان کو ناکام کپتان بنانے کیلیے پلیئرز نے نیوزی لینڈ سے سیریز میں جان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) رانا نوید الحسن بھی پاکستان کرکٹ کی پرانی فائل کھول کر بیٹھ گئے، ان کے مطابق یونس خان کو بطور کپتان ناکام بنانے کیلیے پلیئرز نے نیوزی لینڈ سے سیریز میں جان بوجھ کر خراب پرفارم کیا، میں ان کے خلاف حلف اٹھانے والے 7 سے 8 پلیئرز میں شامل رہا، کچھ ایسے بڑے نام بھی اس سازش کا حصہ تھے جن کے نام لوں تو وہ مجھ پر غصہ کریں گے، میں نے یونس کو سارے منصوبے کے بارے میں بتا دیا تھا۔

ایکسپریس  کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ2009 میں نیوزی لینڈ کیخلاف یواے ای میں سیریز کھیلی گئی،کچھ کھلاڑیوں نے اس وقت کے کپتان یونس خان کو ناکام بنانے کیلیے ون ڈے میچز میں جان بوجھ کر خراب پرفارم کیا۔ یاد رہے کہ پہلا میچ پاکستان نے138 رنز کے بڑے مارجن سے جیتا مگر اگلے دونوں مقابلے 64 اور 7 رنز سے ہار کر سیریز 1-2سے گنوا بیٹھا۔ رانا نوید نے کہاکہ میں وہ سیریز نہیں کھیل سکاکیونکہ میں نے یونس خان کو بتا دیا تھا کہ یہ آپ کے خلاف سازش اور میں بھی اس کا حصہ ہوں،انھوں نے کہا کہ یونس ایک اچھے کرکٹر تھے مگر کپتان بننے کے بعد تبدیل ہوگئے،قیادت کے خواہشمند کچھ سینئر کھلاڑی ان کے خلاف تھے، میں ان کے نام نہیں لوں گا، اس منصوبے میں ہم 7 سے 8 کھلاڑی شامل تھے، ہم سب کو ایک کمرے میں بلا کر حلف لیا گیا، اس سب میں بہت بڑے نام ملوث تھے، اگر میں ان کے نام لوں تو وہ مجھ پر غصہ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہاکہ ہم یونس خان کو ہٹانا نہیں چاہتے تھے مگر پی سی بی چیئرمین کے نوٹس میں یہ بات لانا چاہتے تھے کہ بطور کپتان وہ سینئر پلیئرز سے مشورہ نہیں کرتے اور جو بہتر سمجھیں وہی کرتے، میں اسی وجہ سے پلیئرز کے ساتھ ہواکہ اگر صرف یہی معاملہ ہے اور پی سی بی چیئرمین بھی یونس خان کو سمجھاتے ہیں تو پھر مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ رانا نوید الحسن نے پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ میں 58 کی ایوریج سے صرف 18 وکٹیں لیں، 74 ون ڈے میچز میں انھوں نے 29.28 کی اوسط سے 110 شکار کیے، اس دوران ان کا اکانومی ریٹ 5.57 رہا، اسی طرح انھوں نے 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید :

کھیل -