رشی کپور کے انتقال کے بعد اہلیہ نیتو کا پہلا پیغام سامنے آگیا

رشی کپور کے انتقال کے بعد اہلیہ نیتو کا پہلا پیغام سامنے آگیا
رشی کپور کے انتقال کے بعد اہلیہ نیتو کا پہلا پیغام سامنے آگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور اداکار رشی کپور کے انتقال کے چند روز بعد ان کی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ نے اپنا پہلا پیغام جاری کردیا۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں نیتو سنگھ نے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کا شکریہ ادا کیا جہاں ان کے شوہر زیر علاج تھے۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی پوسٹ میں نیتو سنگھ نے لکھا کہ ’ایک فیملی ہونے کی حیثیت سے ہمیں احساس ہے کہ ہمارا بہت بڑا نقصان ہوا ہے، لیکن جب آج ہم ساتھ بیٹھتے ہیں تو ماضی میں گزرے کچھ مہینے یاد آرہے ہیں اور تب احساس ہوتا ہے کہ ہمیں بےحد شکرگزار ہونا چاہیے، خاص طور پر ایچ این ریلائنس ہسپتال کے ڈاکٹرز کا‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’ڈاکٹرز کی پوری ٹیم، بھائیوں اور نرسز جن کی سربراہی ڈاکٹر ترنگ گیانچندانی نے کی، نے میرے شوہر کا خیال اس طرح رکھا جیسے وہ ان کے اپنے ہوں، انہوں نے ہمیں مشورہ اس طرح دیا جیسے اپنے ان کے اپنے ہوں، اور اس سب اور بہت کچھ کے لیے میں اپنے دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں‘۔اس بیان کے ساتھ اداکارہ نے دو تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں سے ایک رشی کپور کی جبکہ دوسری ان دونوں کی ایک رومانوی تصویر تھی۔
خیال رہے کہ رشی کپور اور نیتو سنگھ کی شادی 1980 میں ہوئی تھی، ان کی بیٹی ردھیما کی پیدائش اس ہی سال ہوئی تھی جو پیشے سے فیشن ڈیزائنر ہیں، جبکہ بیٹے رنبیر کپور کی پیدائش 1982 میں ہوئی جو اس وقت بالی ووڈ کے کامیاب اداکار مانے جاتے ہیں۔


نیتو سنگھ اور رشی کپور نے کیریئر میں ایک ساتھ 12 فلموں میں کام کیا جن میں کھیل کھیل میں، کبھی کبھی، امر اکبر اینتھونی اور دنیا میری جیب میں شامل ہیں۔ان کی جوڑی کا شمار بولی وڈ کی کامیاب جوڑیوں میں کیا جاتا تھا، جبکہ ان کا شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔اس سے قبل نیتو سنگھ نے رشی کپور کی ایک اور تصویر جاری کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہماری کہانی کا اختتام‘۔

View this post on Instagram

End of our story ❤️❤️

A post shared by neetu Kapoor. Fightingfyt (@neetu54) on


رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ایک رات قبل ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ان کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس میں درخواست کی تھی کہ مداح رشی کپور کو مسکراتے ہوئے یاد کریں۔رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں 29 اپریل کی رات سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے تھے تاہم اس وقت انہوں نے اپنی بیماری کی تصدیق نہیں کی تھی۔بعدازاں جنوری 2019 میں ان کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے امریکا میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم بیماری کے حوالے سے اس وقت بھی نہیں بتایا گیا تھا۔تاہم ٹھیک ایک سال قبل اپریل میں فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے تھے۔
ماضی میں بحیثیت ہیرو رشی کپور اپنی رومانوی اداکاری کے باعث جانے جاتے تھے، انہوں نے بوبی، امر اکبر اینتھونی، چاندنی۔ قلی، لیلیٰ مجنو، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہولی وڈ فلم ’دی انٹرن‘ کی بولی وڈ ریمیک کا حصہ ہیں جس میں دپیکا پڈوکون بھی کام کررہی ہیں۔

مزید :

تفریح -