پاک، انگلینڈ ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز، مایوسی کے اندھیروں میں روشنی کی کرن نظر آنے لگی، سیریز کب کرانے پر غور کیا جا رہا ہے؟ شائقین کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی

پاک، انگلینڈ ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز، مایوسی کے اندھیروں میں روشنی کی کرن نظر آنے ...
پاک، انگلینڈ ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز، مایوسی کے اندھیروں میں روشنی کی کرن نظر آنے لگی، سیریز کب کرانے پر غور کیا جا رہا ہے؟ شائقین کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) موذی وباءکورونا وائرس کے دور میں شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کے ساتھ 3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کے شیڈول پر نظر ثانی کرتے ہوئے اگست میں آغاز کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ رواں سال مصروف سیزن میں بیشتر ہوم میچز سے تجوریاں بھرنے کا سوچ رہا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال نے شیڈول متاثر کر دیا اور اب سے ہونے والے ممکنہ نقصان کی تلافی کیلئے تدبیریں کی جا رہی ہیں۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف میں 3 ٹیسٹ میچز رکھے جن میں سے پہلا 4جون، دوسرا 12اور تیسرا 25 کو شروع ہونا تھا، اسی طرح پاکستان کے ایک ٹور میچ کا آغاز 23 جولائی کو ہونا ہے، پہلا ٹیسٹ 30 جولائی، دوسرا 17اگست، تیسرا 20 اگست سے رکھا گیا جبکہ تین ٹی 20 میچز 29، 30 اگست اور 2 ستمبر کھیلے جانے ہیں،کورونا وائرس سے صورتحال خراب ہونے پر انگلش بورڈ نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ یکم جولائی تک کرکٹ کی کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔

دی ہنڈرڈ لیگ کو اگلے سال تک ملتوی کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور ڈومیسٹک مقابلے بھی نہ کرائے جانے کا قوی امکان ہے، البتہ حالات بہتر ہونے کی امید پر انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کیلئے متبادل پلاننگ شروع کردی گئی اور کرکٹ کی بحالی کیلئے بے تاب ای سی بی بند دروازوں کے پیچھے خالی سٹیڈیم میں میچز کرانے کیلئے بھی تیار ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایک ماہ کی تاخیر سے ویسٹ انڈیز کی میزبانی کیلئے شیڈول پر غور کیا جا رہا ہے، مجوزہ پلان کے مطابق کیریبین ٹیم کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 8 جولائی سے شروع ہوگی جسے مکمل کرنے کیلئے پاکستان ٹیم کے شیڈول میں بھی تبدیلی کرنا پڑے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا 23 جولائی سے شروع ہونے والا ٹور میچ منسوخ کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے شروع کرانے کا فیصلہ ممکن ہے،اسی طرح جون، جولائی میں آسٹریلیا کے خلاف شیڈول 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20میچز ستمبر میں کرائے جا سکتے ہیں، انگلش کرکٹ بورڈ حکام پی سی بی اور دیگر متعلقہ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیںاور سیریز کیلئے متبادل پلان پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں تو پی سی بی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو قبل ازیں طے پانے والے شیڈول کے مطابق دورہ نیدرلینڈ میں 4، 7 اور 9 جولائی کو 3 ون ڈے میچز کھیلنا تھے لیکن دونوں بورڈز کی مشاورت سے یہ ٹور غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا جا چکا ہے، آئرلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف 12 اور 14 جولائی کو ہونے والے ٹی 20 میچز کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول میں تبدیلی ہوئی تو آئرلینڈ کیخلاف میچز کی تاریخیں بھی بدلنا پڑیں گی۔

دوسری طرف ستمبر میں آئی پی ایل کا انعقاد ہوا تو انگلینڈ کو ایک بڑی سیریز سے ہاتھ دھونا پڑیں گے، انگلش ٹیم کو 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کیلئے 16 ستمبر کو بھارت روانہ ہونا ہے،بی سی سی آئی کی پلاننگ ہے کہ ملک میں نہیں تو کم ازکم یواے ای میں ہی ستمبر میں آئی پی ایل کرا دی جائے،اس کیلئے اکتوبر میں آسٹریلیا میںہونے والے ٹی 20ورلڈ کپ کو ملتوی کرانے کی بات بھی ہو رہی ہے۔

مزید :

کھیل -