کورونا وبا قابو میں ہے جلد مکمل قابو پالیں گے، وزیراعظم عمران خان

کورونا وبا قابو میں ہے جلد مکمل قابو پالیں گے، وزیراعظم عمران خان
کورونا وبا قابو میں ہے جلد مکمل قابو پالیں گے، وزیراعظم عمران خان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا قابو میں ہے جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرائے اعلی سمیت وفاقی وزرائ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال، حکومتی اقدامات اور مرض سے متعلق خدشات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورتحال پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے بارے میں پارٹی اراکین کو گائیڈ لائینز فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے حلقوں میں ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے لیے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، موجودہ وقت سارے اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعداد میں کام کررہا ہے، موجودہ صورتحال میں ایک ٹیم بن کرکام کرنا ہوگا، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرقیمتوں پرنظررکھیں، ارکان اسمبلی کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کومتحرک کریں۔ حکومتی گائیڈ لائنزپرعملدرآمد کروانے میں انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کریں۔ ارکان اسمبلی مساجد میں ایس اوپیزپرعملدرآمد کرانے میں بھی کردارادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا قابو میں ہے جلد ہی اس پر مکمل قابو پالیں گے۔ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت نقصان ہوا، حکومت ہرطبقے کوریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -