داعش نے کورونا وائرس کا فائدہ اُٹھانا شروع کردیا، شام اور عراق سے پریشان کن خبر آگئی

داعش نے کورونا وائرس کا فائدہ اُٹھانا شروع کردیا، شام اور عراق سے پریشان کن ...
داعش نے کورونا وائرس کا فائدہ اُٹھانا شروع کردیا، شام اور عراق سے پریشان کن خبر آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے ہنگامے میں عراق و شام سے انتہائی تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے جہاں شدت پسند تنظیم داعش نے ایک بار پھر حملے شروع کر دیئے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکا فائدہ اٹھاتے ہوئے داعش کے اڑھائی ہزار سے 3ہزار شدت پسند صرف عراق میں مجتمع ہو چکے ہیں اور سکیورٹی فورسز کی پوزیشنز، آئل فیلڈز اور شہریوں پر حملے کر رہے ہیں۔ عراق میں کچھ حملے دارالحکومت بغداد کے 60میل کے دائرے میں کیے جاچکے ہیں اور کچھ حملے کرکوک شہر میں کیے گئے۔ ایسے ہی حملے شام میں بھی شروع ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شام میں گزشتہ ماہ داعش کے 500شدت پسند جیلوں سے فرار ہو گئے تھے۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق یہ لوگ پہلے سے باہر موجود شدت پسندوں کے ساتھ مل گئے ہیں اور اب وہ شام میں حملے کر رہے ہیں۔ عراق میں شدت پسندوں نے کرکوک شہر میں ایک سرکاری عمارت کے باہر کھڑے تین سکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں اسی شہر میں ایک خودکش حملہ بھی ہو چکا ہے۔
گزشتہ روز شدت پسندوں نے بغداد سے 54میل دور سلاح الدین صوبے میں سکیورٹی فورسز کی ایک پوزیشن پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے تین اطراف سے حملہ کیا جس میں 10عراقی فوجی جاں بحق ہو گئے۔شام کے شہر حمص کے قریب سکیورٹی فورسز کی ایک پوزیشن پر ایسے ہی منظم حملے میں 32شامی فوجی جاں بحق ہو چکے ہیں۔شدت پسند شام میں ہی دو آئل فیلڈز کو بھی شدید نقصان پہنچا چکے ہیں جس سے بجلی کی پیداوار بھی شدید متاثر ہوئی اوراس میں 70فیصد کمی ہو گئی ہے۔