رشی کپور کی موت کے بعد ان کی شادی کا 40 سال پرانا دعوت نامہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوگیا

رشی کپور کی موت کے بعد ان کی شادی کا 40 سال پرانا دعوت نامہ انٹرنیٹ پر وائرل ...
رشی کپور کی موت کے بعد ان کی شادی کا 40 سال پرانا دعوت نامہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوگیا

  

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار رشی کپور گزشتہ دنوں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی 40سال قبل نیتو سنگھ سے شادی ہوئی تھی جو بالی ووڈ کی چند کامیاب ترین شادیوں میں سے ایک رہی۔ اب رشی کپور کی موت کے بعد ان کی شادی کے دعوت نامے اور تقریب میں دولہا دلہن کی تصاویر ایک بار پھر منظرعام پر آ گئی ہیں اور سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق رشی کپور اور نیتو سنگھ کی محبت کی کہانی آج سے 46سال قبل 1974ءمیں فلم زہریلا انسان کے سیٹ پر شروع ہوئی۔ اس فلم کے سیٹ پر رشی کپور نیتو سنگھ سے پہلی بار ملے اور ان کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔

رشی کپور نے اپنی محبت کی کہانی کو یاد کرتے ہوئے کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ ”مجھے یاد ہے کہ ان دنوں میری گرل فرینڈ کے ساتھ میرا جھگڑا ہوا تھا اور میں بہت دل شکستہ تھا۔ میں کوشش کر رہا تھا کہ واپس اس کا دل جیت سکوں۔ اس سلسلے میں میں نے نیتو کی مدد حاصل کی۔ اس وقت ہم زہریلا انسان کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ نیتو میری گرل فرینڈ کو میری طرف سے ٹیلی گرام لکھتی تھی اور اسے میرے لیے منانے کی کوشش کرتی تھی۔جوں جوں وقت گزرتا گیا، مجھے یہ احساس ہونا شروع ہو گیا کہ دراصل میری گرل فرینڈ نہیں بلکہ مجھے نیتو سے محبت ہے اور وہی میرے لیے بنی ہے، کیونکہ جب نیتو مجھ سے دور جاتی مجھے اپنی گرل فرینڈ کی بجائے اس کی یاد ستاتی تھی۔ اس کے بعد میں شوٹنگ کے لیے یورپ چلا گیا اور نیتو ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے کشمیر میں تھی۔ میں نے یورپ سے اسے ٹیلی گرام بھیجا اور اس میں اسے لکھا کہ ”میں تم سے محبت کرتا ہوں۔“

دوسری طرف نیتو سنگھ نے یہ کہانی اپنے انداز میں کچھ یوں سنا رکھی ہے کہ ”میری رشی کپور کے ساتھ پہلی ملاقات بہت تلخ تجربہ تھی۔ رشی کو دوسروں پر دھونس جمانے کی عادت تھی لہٰذا وہ مجھ پر بھی تنقیدی فقرے کستے، میرے میک اپ سے کپڑوں تک پر باتیں کرتے اور مجھے ان پر بہت غصہ آتا۔ وہ اس زمانے میں ہر کسی پر دھونس جماتا تھا اور میری عمر اس وقت بہت کم تھی چنانچہ میں اکثر اس پر غصہ ہو جاتی تھی۔میں جب بھی رشی کے ساتھ ڈنر ڈیٹس پر جاتی، میری ماں میرے ساتھ میری کزن کو بھی بھیج دیتی تھی کیونکہ وہ مجھے کسی کے ساتھ اکیلا نہیں چھوڑنا چاہتی تھی۔ وقت گزرتا گیا اور بالآخر میں بھی رشی کی محبت میں گرفتار ہو گئی۔“ رشی اور نیتو کی شادی کی جو تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں ان میںو ہ خاندان کے دیگر لوگوں کے ساتھ موجود ہوتے ہیں جو بذات خود بالی ووڈ کے بڑے ستارے تھے، کہ آخر رشی کا تعلق بالی ووڈ کے معروف کپور خاندان سے تھا۔ وہ پرتھوی راج کپور کے پوتے اور راج کپور کے بیٹے تھے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ان کے استقبالیہ کے دعوت نامے کے مطابق یہ تقریب 23جنوری 1980ءبروز بدھ ہوئی تھی۔

مزید :

تفریح -