محمد عامر اور وہاب ریاض کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے دیگر کھلاڑیوں کی ”موجیں“ لگنے کا امکان، پی سی بی کس بات پر غور کر رہا ہے؟ شائقین کرکٹ کیلئے خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوںکی دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے ٹیسٹ میچ فیس میں 25 سے 50 فیصد اضافہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت تک دوری کا اعلان کیا تھا جس کے باعث پی سی بی کو خدشہ ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ سے کم وقت میں زیادہ پیسہ کمانے کیلئے کہیں مزید کرکٹرز بھی ایسا نہ کریں، اس لئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹیسٹ میچ فیس میں 25 سے50 فیصد اضافے پر غور ہونے لگا اس کے علاوہ کورونا وائرس کے بعد ممکنہ مالی مسائل کا بوجھ بھی کھلاڑیوں پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ 2021ءتک کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کوئی اضافہ کرنا لازمی نہیں ہے مگر اس کے باوجود ٹیسٹ فیس بڑھا دی جائے گی، گزشتہ معاہدوں میں ہی ٹی 20 کے مقابلے میں اسے تین گنا کر دیا گیا تھا،بورڈ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کی جانب راغب رکھنے کیلئے اب مزید اضافہ کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق معاہدوں میں ماہانہ تنخواہوں، میچ فیس یا مراعات میں کسی قسم کی کمی کا امکان نہیں، یوں کورونا کا بوجھ کھلاڑیوں کی جیبوں پر نہیں پڑے گا، مینز اور ویمنز کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کا فیصلہ کرنے کیلئے اجلاس رواں ماہ ہی متوقع ہے جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور دیگر شریک ہوں گے اور کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق اور کیٹیگریز کا فیصلہ کیا جائے گا۔