”دنیا کے نامور بلے بازوں میں شامل باب وولمر کی وجہ سے ہوا کیونکہ انہوں نے۔۔۔“ مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے انکشاف کر دیا

”دنیا کے نامور بلے بازوں میں شامل باب وولمر کی وجہ سے ہوا کیونکہ انہوں ...
”دنیا کے نامور بلے بازوں میں شامل باب وولمر کی وجہ سے ہوا کیونکہ انہوں نے۔۔۔“ مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے انکشاف کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز محمد یوسف کا کہنا ہے کہ آنجہانی کوچ باب وولمر نے میرا فٹ ورک ٹھیک کروایا تو میں دنیا کے نامور بلے بازوں میں شامل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سابق کپتان محمد یوسف نے قومی کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بلے باز کیلئے سب سے ضروری عمل کریز پر اپنا توازن برقرار رکھنا ہے، موجودہ کھلاڑیوں میں بابراعظم کا سب سے منفرد بلے باز بن کر ابھرنا اس کی واضح مثال ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے سیکھنے کا عمل ساری زندگی چلتا رہتا ہے، پہلے میرا فٹ ورک درست نہیں تھا جسے آنجہانی کوچ باب وولمر نے ٹھیک کروایا اور فٹ ورک میں تبدیلی کے بعد میرا شمار دنیا کے نامور بلے بازوں میں ہونے لگا۔

انہوں نے کرکٹرز سے مخاطب ہو کر کہا کہ دنیا کے عظیم کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنے کیلئے انہیں بہترین فٹنس درکار ہوگی، بطور بلے باز کبھی بھی اپنی فٹنس پر سمجھوتہ نہ کریں کیونکہ بلے بازوں کو رنز بنانے کیلئے ذہنی پختگی اور بہترین فٹنس لیول درکار ہوتا ہے اور کورونا کے سبب گھروں میں موجود کھلاڑیوں کیلئے یہ ایک اہم موقع ہے۔کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اظہر علی کے سوال کے جواب پر محمد یوسف نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے ڈسپلن کو برقرار رکھنا ضروری ہے، بڑا کھلاڑی بننے کیلئے مشکل وقت میں مخصوص خول میں جانے کی بجائے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوتا ہے۔

محمد حفیظ کے سوال کے جواب میں محمد یوسف نے کہا کہ ایک بیٹسمین کو تکنیک کیساتھ ساتھ حریف باﺅلر کی طاقت کو جانچنا بھی ضروری ہے، کسی باﺅلر کے خلاف جارح مزاجی ضروری ہے مگر کئی باﺅلرز ایسے ہوتے ہیں جن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی مؤثر نہیں رہتی، بطور بیٹسمین آپ کو باﺅلر کو عزت دینی ہوگی۔ 

سابق کرکٹر نے کہا کہ بلے باز کا کام سکور بورڈ چلانا ہے،مشکل صورتحال میں بھی سنگلز اور ڈبلز کریں گے تو بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہوں گے۔بیٹسمین کیلئے تینوں طرز کی کرکٹ میں تکنیک یکساں رہتی ہے، سعید انور اور انضمام الحق دو باصلاحیت کرکٹر تھے جو ہرکنڈیشنز میں رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

مزید :

کھیل -