مستحقین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے،ذکر اللہ مجاہد

        مستحقین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے،ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی طرف سے شہر کے مستحق خاندانوں میں راشن پیکیج تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہزاروں خاندانوں میں راشن پیکیج تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن اس سال بھی کورونا وبا میں بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب شہر لاہور کے مستحق اور غریبوں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔حکومت مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے ایس او پیز پر عمل درآمد کیساتھ عوام میں مسلسل آگاہی کو موثر بنائے۔ جماعت اسلامی کرونا وبا کی اس مشکل گھڑی میں اس سال بھی عوامی خدمت کے فریضہ کو سر انجام دے رہی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران کرونا وائرس نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

 ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے جبکہ لاکھوں افرادبے روزگار ہوگئے ہیں۔ اگراس کے حوالے سے قومی پالیسی نہ بنائی گئی تو صورت حال مزید سنگین ہوجائے گی۔حکومت بار بار لاک ڈاؤن کر کے ملکی معیشت تباہ، لوگوں کو بے روزگاراور بچوں کو تعلیم سے محروم کررہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -