ایفو رڈ ایبل ہاؤسنگ سکیم، 14لاکھ 30ہزار روپے میں گھر دیا جائے گا: عثما ن بزدار

       ایفو رڈ ایبل ہاؤسنگ سکیم، 14لاکھ 30ہزار روپے میں گھر دیا جائے گا: عثما ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا،جس میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم کے تحت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کرلی ہے-پہلے مرحلے میں 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان جلد لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں بیک وقت 10 مقامات پر اس تاریخ ساز منصوبے کا آغاز کریں گے۔پنجاب حکومت نے 3 ارب روپے اس پروگرام کے ڈویلپمنٹ کاموں کیلئے فراہم کر دیئے ہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ گھر کا سائز 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے-14 لاکھ 30 ہزار روپے میں گھر دیا جائے گا۔درخواست گزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے دے گا، باقی رقم بینک آف پنجاب فراہم کرے گا۔گھر کی ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار روپے ہوگی۔ایک برس میں گھر تعمیر کرکے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کے حوالے کئے جائیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سرگودھا میں اس منصوبے کا افتتاح ہو چکا ہے اور کام جاری ہے۔چنیوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، خانیوال سمیت 10 تحصیلوں میں کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ کم آمدن لوگوں کو اپنی چھت کا خواب پورا کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا وعدہ ہے۔وہ لوگ جو انتہائی محدود آمدنی میں کبھی اپنے گھر،اپنی چھت کا سوچ کر آہ بھر کر رہ جاتے تھے،انشاء اللہ جلد اپنے گھر کے مالک ہوں گے۔کم آمدن والے شہریوں کے لئے سستے گھروں کی تعمیر ہماری حکومت کی فلیگ شپ پروگرام ہے- اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی- معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی-سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، این ایل سی و ایف ڈبلیو او کے نمائندے اور متعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ بینک آف پنجاب کے صدر نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی - 
عثمان بزدار


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن قومی اسمبلی راحت امان اللہ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے ملاقات کی۔ راحت امان اللہ اور میاں جلیل احمد شرقپوری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ میاں جلیل احمد شرقپوری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن عامہ کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر علمائے کرام کی کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اور منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔ پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی۔ پی پی 269 سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزرا ء اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم، صوبائی وزیر توانائی محمد اختر ملک، ایم این اے سردار محمد خان لغاری، اراکین پنجاب اسمبلی مہندر پال سنگھ، سلیم اختر اور غلام علی اصغر شامل تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی اورقابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کا میکانزم بنا لیا ہے جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت ہیں اور ان کی بروقت تکمیل بہت اہم ہے۔
ملاقات

مزید :

صفحہ اول -