وزیراعظم آٹا چینی مافیا کی سرپرستی نہ کرتے تو آج قوم کو یوں دھکے نہ کھانے پڑتے: شہباز شریف 

  وزیراعظم آٹا چینی مافیا کی سرپرستی نہ کرتے تو آج قوم کو یوں دھکے نہ کھانے ...

  

 لاہور،گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر،بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے قوم کا آٹا چینی وزیراعظم کی سرپرستی میں نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو آٹا چینی کیلئے یوں دھکے نہ کھانے پڑتے،حکمران خداترسی کریں اور چینی کیلئے قطار میں کھڑی ماوں بہنوں کو اس توہین سے نجات دلا ئیں،بروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کرکے قوم کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا، شہبازشریف نے کہا عوامی خدمت کے دعوے کرنیوالوں کو اب منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی، رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجا ئے غر یب عوام پر کبھی بجلی اور کبھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں ڈرون حملے جاری ہیں، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام بھوک، بدحالی اور بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں، حکومتیں نعروں، وعدوں اور دعووں سے نہیں چلتیں اس کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار  ایم پی اے پی پی 62 حاجی امان اللہ وڑائچ، حاجی محمد احمد چیمہ اور دیگراراکین پارلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کرتے ہوئے مزید کہا کورونا وباء کیخلاف پوری مینجمنٹ نہ ہوسکی، دوراندیشی پر مبنی حکمت عملی کااب بھی فقد ا ن ہے۔ حکومت اب بھی کورونا، معیشت، مہنگائی، بے روزگاری جیسے سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں، صرف تماشے جاری ہیں،اس سے حکومت کی ذہنی حالت اور ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے۔اپنی ناقص پالیسیوں سے ہونیوالی مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا انتہائی قابل مذمت و افسوسناک ہے۔ خیبرپختونخوا سے اطلاعات ہیں لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا، عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے؟۔ملک میں مہنگائی کے ستائی عوام کی رمضان میں بددعاؤں سے خوف آتا ہے۔قیا مت خیز مہنگائی کی ذمہ دار مو جو دہ حکومت ہے۔معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں ملک کا کتنا بڑا نقصان ہوچکا ہے۔اس موقع پر حاجی محمد احمد چیمہ نے میاں محمد شہباز شریف کو پی پی 53 اور این اے 80 کی سیاسی صورتحال بارے آگاہ کیا، جس پر صدر مسلم لیگ ن نے ان کے خاندان کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا،  مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ کے عوام کو ہر ممکنہ اور بہترین سہولیات فراہم کی ہیں جس سے شہری آج بھی مستفید ہو رہے ہیں موجودہ نااہل حکومت کے دور میں نہ ہی کوئی ترقیاتی کام پایا تکمیل تک پہنچا اور نہ ہی غریب عوام کو ریلیف ملا یہ ہی وجہ ہے کہ پہلوانوں کا شہر مسلم لیگ ن کا قلعہ تھا اور رہے گا۔اس موقع پرارکان پارلیمان نے شہباز شریف کو رہائی پر مبارک دی، سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔شہبازشریف نے پارٹی رہنماوں اور ارکان پارلیمان کی حمایت اور نیک تمناوں پر شکریہ ادا کیاجبکہ کورونا اور مشکل معاشی صورتحال میں اپنے حلقوں کے عوام کی مدد کیلئے کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -