ملک میں کورونا سے 79اموات، 4213نئے کیس رجسٹر، بھارت میں ایک دن میں 3689ہلاکتیں 

     ملک میں کورونا سے 79اموات، 4213نئے کیس رجسٹر، بھارت میں ایک دن میں ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کوروناکی تیسری لہر سے مزید 79جاں بحق ہونے کے بعد مجموعی اموات 18149ہو گئیں، 4213افراد میں وائرس کی تصدیق،متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 34ہزار 146تک جا پہنچی، ایکٹو کیسزکی تعداد87953ہو گئی، 5377مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کوویڈ 19 کی تشخیص کے لیے 45 ہزار 254 ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ روز ملک میں 4 ہزار 213 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 9.16 فیصد رہی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8تا 16مئی کے دوران نقل وحرکت روکنے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں 8سے 16مئی کے دوران تمام مارکیٹیں، مراکز، تجارتی، مالز،، بزنس شاپز، دیگر دکانیں بند رہیں گی، تاہم ادویات، اشیائے ضروریہ، سبزی، پھل، پیٹرول پمپ، کھلے رہیں گے۔ متعلقہ تاریخوں کے دوران شہر میں کوئی چاند رات بازار بھی نہیں لگے گا۔ تمام مہندی کے اسٹالز، جیولری، کپڑوں سمیت دیگر تمام بازار بند رہیں گے۔ شہر کے تمام تفریحی مقامات، پکنک اسپوٹس، اور سیاحتی مقامات پر بھی بند رہیں گے۔ اس دوران ان مقامات کے ارد گرد موجود ریسٹورنٹس پر بھی پابندی ہوگی۔ 

کورونا وائرس

 نئی دہلی(آئی این پی) بھار ت میں ایک دن میں کورونا سے مزید 3689افراد ہلاک ہوگئے، ملک میں مجموعی طور پر کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ 15600ہو گئی ہے۔ اسی طرح ایک دن میں کورونا کے نئے 3لاکھ 93ہزار کیسز سامنے آئے جس کے بعد کورونا سے متاثرہونیوالوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 95 لاکھ ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے صورتحال انتہائی تشویشناک، کئی روز سے یومیہ تین لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، ایک روز میں مزید 3لاکھ 93ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جسکے بعد کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 95 لاکھ ہوگئی ہے، چوبیس گھنٹے میں تین ہزار 422 افراد لقمہ اجل بن گئے، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ گئی۔  بھارت میں یومیہ کورونا کیسز 3 لاکھ سے زائد ہونے کا یہ مسلسل 12 واں روز ہے جب کہ چار روز سے یومیہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 3 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسپتال بھر گئے اور آکسیجن کی قلت پیدا ہوگئی جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ برطانیہ سمیت کئی ممالک کی جانب سے طبی آلات اور آکسیجن گیس کی امداد بھی بھارت پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں صورتحال سنگین ہے، جے پور گولڈن ہسپتال میں چند گھنٹوں کی آکسیجن رہ گئی۔ کئی علاقوں میں لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت مریضوں کیلئے آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کا انتظام کرنے میں مصروف ہیں۔ 

بھارت میں کورونا

مزید :

صفحہ اول -