سیالکوٹ رمضان بازار بد نظمی کا شکار، چیف سیکرٹری کو غؒط حقائق بتائے گئے: فردوس عاشق

سیالکوٹ رمضان بازار بد نظمی کا شکار، چیف سیکرٹری کو غؒط حقائق بتائے گئے: ...

  

 سیالکوٹ،لاہور(بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود پی ٹی آئی کا منشور ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اس مشن کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں۔پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی پاکستان ہاسنگ سکیم کے تحت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کرلی ہے اور گھروں کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلے میں 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزِیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ32 شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت نے 3 ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں۔ گھر کی ماہانہ قسط تقریبا 10 ہزار روپے ہوگی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر گھر کا سائز 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے اور یہ گھر 14 لاکھ 30 ہزار روپے میں دیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان 5 مئی کو لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں بیک وقت صوبے کے دیگر 10 مقامات پر بھی اس تاریخ ساز منصوبے کا افتتاح کریں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سرگودھا سے اس منصوبے کا آغاز کر چکے ہیں۔اب چنیوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، خانیوال سمیت 10 تحصیلوں میں 5 مئی کو کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔پہلے مرحلے میں پنجاب کی 32تحصیلوں میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 10 ہزار سے زائدگھر بنائے جائیں گے۔ کم آمدن لوگوں کو اپنی چھت کا خواب پورا کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا وعدہ ہے۔وہ لوگ جو انتہائی محدود آمدنی میں کبھی اپنے گھر،اپنی چھت کا سوچ کر آہ بھر کر رہ جاتے تھے،انشا اللہ جلد اپنے گھر کے مالک ہوں گے۔میرا پاکستان میرا گھر ایسا ویژن ہے جس کے تحت لاکھوں خاندان اپنے گھر کے خواب کو پورا کر سکیں گے۔کم آمدن والے شہریوں کے لئے سستے گھروں کی تعمیر ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور صحافی برادری بھی اس سکیم سے مستفید ہو سکتی ہے۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے سیالکوٹ واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس حوالے سے غیر جانبدارانہ انکوائری کی ہدایت کی ہے۔اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات ہوں گی اور وزیراعلی عثمان بزدار کو انکوائری رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انیوں نے اے سی سیالکوٹ کے حوالے سے کہا کہ جو خواتین عوام کی خدمت کے لئے ایئرکنڈیشنڈ سے باہر نہیں نکل سکتیں تو ان کو چاہیے کہ وہ اس نوکری کی بجائے کوئی اور آسان راستہ اختیار کرلیں انہوں نے کہا کہ رمضان بازار سیالکوٹ میں عوامی ریلیف سے جڑا معاملہ بدنظمی کا شکار ہوا اور چیف سیکرٹری پنجاب کو حقائق مسخ کر کے بتائے گئے۔میں نے پنجاب کے مختلف علاقوں کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ کہیں ایسا رویہ دیکھنے کو نہیں ملا۔ ہر شہر میں چینی دوکلو جبکہ سیالکوٹ میں ایک کلو فی صارف دی جارہی تھی۔جہاں کوتاہی ہو نشاندہی وہاں ہی کی جاتی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کو چینی کے لئے لائنوں میں کھڑا کر کے عوامی استحصال پر وزیراعلی نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی ایس او پیز پر اگر کہیں عملدرآمد نہیں ہو تا تو عوامی نمائندے جوابدہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے باقی ساتھیوں کو اس معاملے میں نہیں بولنا چاہیے تھا۔ ہم نے جان بوجھ کر اس معاملے پر خاموشی اختیار کی۔ کچھ چینلز کے بقول پروٹوکول نہ ملنے پر میں نے برہمی کا اظہار کیا۔ اس بات میں کوئی حقیقت نہیں۔ مجھے پروٹوکول کی نہیں بلکہ انڈر19کو پروٹوکول کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نہیں حکومت کے کام بولتے ہیں۔ افسر شاہی کے بھی اعمال بولنے چاہئیں۔ پارٹی اورقیادت کی سطح پر سیالکوٹ معاملے پر ردعمل دینے سے منع کیا گیا تھا۔ رمضان بازار عوام کی بہتری کے لئے لگائے گئے ہیں ان کا مقصد بیورو کریسی کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں۔ اگر عوامی نمائندے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں تو بیوروکریسی بھی جوابدہ ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ پر بعض لوگ اپنی اپنی مرضی کا رنگ بھر رہے ہیں۔ اختلاف پیدا کرنے والے لوگ سن لیں، انہیں مایوسی ہوگی۔ بیوروکریسی اور عوامی نمائندوں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔فردوس عاشق اعوان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چند مٹھی بھر لوگ حکومتی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جن کی ترجمان جعلی راجکماری بنتی ہیں۔ مجھے پتا ہے ابھی اس راجکماری کی کنیزوں نے بھی پنجاب اسمبلی کے باہر رونا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے خود اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فردوس

لاہور(جنرلر پورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس کے دوران سیالکوٹ رمضان بازار واقعہ کی رپورٹ پیش کی۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے بھی شرکت کی۔ فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازار میں ناقص اشیائے ضروریہ کے حوالے سے وزیراعلی کو بریف کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت دی کہ رمضان بازاروں میں حکومتی پالیسی کے مطابق معیاری اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے انتظامیہ فیلڈ میں نکل کر بھی آگاہ کرے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے سیالکوٹ رمضان بازار واقعہ بارے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -