جعلی چیئرمین نیب اور ڈی جی بن کر عوام کو لوٹنے والا نوسرباز گرفتار، کارروائی شروع 

جعلی چیئرمین نیب اور ڈی جی بن کر عوام کو لوٹنے والا نوسرباز گرفتار، کارروائی ...

  

 اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب کراچی نے ایک نوسر باز گروہ کے رکن عامر حسین کو جعلی چیئرمین نیب اور جعلی ڈی جی نیب کراچی بن کر بڑے پیمانے پر عوام کو لوٹنے کے الزام میں گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی، جبکہ نوسر باز گروہ کا سر غنہ خالد سولنگی جو دبئی سے مختلف سرکاری افسر ا ن اور دیگر افراد کو جعلی چیئرمین نیب اور جعلی ڈی جی نیب کراچی بن کر نہ صرف بلیک میل کرتاہے بلکہ ان سے بھاری رقوم لوٹنے میں بھی ملوث ہے۔ چیئرمین قومی احتساب بیورو کی  ہدایت پر نیب نے ملزم خالد سولنگی کا پاسپورٹ منسوخ کرنے اور انٹر پول کے ذریعے دبئی سے واپس پاکستان لانے کیلئے وزارت داخلہ کو خط تحریر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم عامر حسین کا والد دبئی سے مختلف سرکاری افسران اور دیگر افراد کو جعلی چیئرمین نیب اور جعلی ڈی جی نیب کراچی بن کر بلیک میل کرتاجبکہ اس کا بیٹاعامر حسین سرکاری افسران اور دیگر افرادسے پیسے بٹورتا تھا۔تحقیقات کے دوران ملزم عامر حسین نے ہوش ربا انکشافات کئے،جن کی روشنی میں تحقیقات کو قانون کے مطابق مزیدآگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔  چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کراچی نے ملزم سے تحقیقات کے نتیجے میں حاصل معلومات کی بنیا د پر مختلف سرکاری افسران و دیگر لٹنے والے افراد کی ابتدائی فہرست تیار کرلی ہے۔ متعلقہ افراد کے بیانا ت بھی قانون کے مطابق قلم بند کئے جائیں گے۔واضح رہے نیب کراچی نے 27 نومبر 2020ء کو چیف سیکرٹری سندھ کوخط کے ذریعے آگاہ کیا تھا تمام سرکار ی افسران کو جعل ساز گروہ کی سرگرمیوں کے بارے میں خصوصاََ اس نوسر باز اور جعل ساز گروہ کے کسی قسم کے جھانسے میں نہ آئیں۔ مزید برآں نیب نے مختلف اخبارات میں اشتہار کے ذریعے بھی عوام کو اطلاع دی گئی تھی کہ عوام اس نوسرباز گروہ جو دبئی سے کام کر رہا ہے کے کسی قسم کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ فوری طور پر نیب حکام کو مطلع کریں۔

نوسرگرفتار

مزید :

صفحہ آخر -