بل گیٹس اور ملنڈ ا نے 27 سال ایک ساتھ زندگی گزار نے کے بعد شادی ختم کرنے کا اعلا ن کر دیا 

بل گیٹس اور ملنڈ ا نے 27 سال ایک ساتھ زندگی گزار نے کے بعد شادی ختم کرنے کا اعلا ...
بل گیٹس اور ملنڈ ا نے 27 سال ایک ساتھ زندگی گزار نے کے بعد شادی ختم کرنے کا اعلا ن کر دیا 

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )مائیکرو سافٹ کے بانی اور کئی سال تک مسلسل دنیا کے سب امیر ترین شخصیت کا خطاب رکھنے والے ” بل گیٹس “ اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے 27 سالہ شادی کو ختم کرنے اور علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور ملنڈا گیٹس کی جوڑی دنیا کی وفادار اور رومانوی جورڑی تصور کی جاتی تھی کیونکہ دونوں نے شادی شدہ زندگی کے خوبصورت 27 برس خوشحال گزارے جبکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ گزشتہ 34 برس سے ہیں ۔جوڑے کی جانب سے ٹویٹر پر باہمی رضا مندی سے علیحدہ ہونے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا ، دونوں نے ایک ہی پیغام اپنے اپنے اکاﺅنٹ سے چاہنے والوں کو آگاہ کرتے ہوئے جاری کیا ۔

”ہم نے کافی سوچ بچار اور اپنے رشتے پر کافی کام کرنے کے بعد اب شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، گزشتہ 27 سالوں میں ہم نے تین نہایت شاندار شخصیت کے مالک بچوں کو پروان چڑھایا ہے اور فاونڈیشن کھڑی کی جو کہ پوری دنیا میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو ایک اچھی زندگی فراہم کر رہی ہے ، ہم اس مشن میں ایک ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے لیکن زندگی کے اگلے مرحلے میں ہم ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے ،ہم اپنی فیملی کیلئے پرائیوسی چاہتے ہیں کیونکہ ہم ایک نئی زندگی شروع کرنے جارہے ہیں ۔“

جوڑی کی جانب سے اگرچہ شادی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، تاہم دونوں کی طلاق کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں اور یہ واضح نہیں ہے کہ طلاق کے عوض ملنڈا گیٹس کو کتنی دولت ملے گی؟فوربز کی 2021 کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق بل گیٹس کے پاس 130 ارب ڈالر کی دولت ہے اور وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔بل گیٹس کی دولت کے علاوہ دونوں کی فلاحی تنظیم بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کی مالیت بھی اربوں ڈالرز میں ہے اور وہ اس وقت دنیا کی بڑی فلاحی تنظیموں میں سے ایک ہے جو زیادہ تر بچوں اور خواتین کی ویکسینیشن، غذائیت، ماحول اور غربت کے خاتمے پر کام کرتی ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان مشترکہ طور پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس کو چلانے کا معاہدہ ہوگا اور اس کے علاوہ بھی ملنڈا گیٹس کو طلاق کے عوض شوہر کی نصف تک دولت ملے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

فرانسیسی نسل سے تعلق رکھنے والی ملنڈا گیٹس امریکا میں ہی پیدا ہوئی ہیں اور انہوں نے 1986 میں بل گیٹس کی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ میں پروڈکٹ منیجر کی ملازمت شروع کی تھی۔ملازمت کے ایک سال بعد دونوں میں رومانوی تعلقات استوار ہوگئے تھے اور دونوں نے چند سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد 1994 میں شادی کی تھی۔

بل اور ملنڈا گیٹس کے تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی جینیفر کیتھرائن گیٹس کی عمر 25 سال ہے جب کہ جوڑے کو دو بیٹے بھی ہیں اور ان کی عمریں بھی 20 سال سے زائد ہیں۔تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جوڑے کی صورت میں تعلقات میں رہنے اور 27 سال تک ازدواجی زندگی گزارنے کے دوران کبھی بھی بل اور ملنڈا گیٹس کے درمیان کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں اور اب اچانک دونوں نے شادی ختم کرنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

مزید :

اہم خبریں -بین الاقوامی -