حکومت پاکستان اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے سفارتکاروں کے خلاف کاروائی کرکے خود کو بچانا چاہتی ہے: اہالیانِ ریاض

حکومت پاکستان اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے سفارتکاروں کے خلاف ...
حکومت پاکستان اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے سفارتکاروں کے خلاف کاروائی کرکے خود کو بچانا چاہتی ہے: اہالیانِ ریاض

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اہالیان ریاض کی جانب سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران سعودی عرب میں حکومت پاکستان اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے سفارتکاروں کے خلاف کاروائی کرکے خود کو بچانا چاہتی ہے. 

سعودی دارالحکومت ریاض میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 کے دوران پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستانیوں کو ناصرف تنہا چھوڑا بلکہ ان کی وطن واپسی کے خاطر خواہ انتظامات بھی نا کئے جاسکے. 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہویے اراکین کا کہنا تھا کہ خصوصی فلائٹس کی تعداد کو با آسانی بڑھایا جاسکتا تھا مگر اس سے درگزر سے کام لیا گیا، میتوں کی پاکستان روانگی کے لئے حکومت پاکستان نے خصوصی اقدامات کرنے تھے جبکہ اس کے برعکس سفارت خانہ پاکستان اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر انتظامات کر رہا تھا میتوں کی پاکستان روانگی اور ہزاروں پاکستانیوں تک راشن کی تقسیم کا عمل کمیونٹی ممبران اور سفارت خانے کے باہمی تعاون کے ذریعے کیا گیا مگر حکومت پاکستان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی امداد نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی کوئی فنڈ قائم نہیں کیا گیا اور اربوں روپے زرمبادلہ بھیجنے والے ورکرز کو ائیر لائینز کی مہنگی ترین ٹکٹس لینے پر مجبور کیا گیا. 

دارالحکومت ریاض میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر سفارت خانے کے ساتھ ملکر فلاحی سرگرمیوں کو انجام دیا ہے مگر حکومت جس طرح اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے سفارت کاروں کو رسوا کر رہی ہے یہ غیر مناسب رویہ ہے اس سے جہاں ملک کی بدنامی ہو رہی ہے وہیں سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے سفارتی عملے میں ایک ڈر کی فضا نے جنم لیا ہے. 

پریس کانفرنس کے شرکاء نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان سفارتی افسران کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے ساتھ حکومتی سلوک کا بھی محاسبہ کریں اور ان سے معافی مانگیں افسران سمیت عملے کے خلاف رشوت لینے کی انکوائری ضروری کریں مگر یہ اس انکوائری کو عوام کے سامنے بھی لایا جائے. 

پریس کانفرنس سے خالد اکرم رانا، قاضی اسحاق میمن ،ڈاکٹر سید مزمل شاہ، عزیزالرحمن ہزاروی، احسن عباسی، حفیظ بلوچ، اقبال ودود اور دیگر نے اظہار خیال کیا.