عمران خان کے دور حکومت میں سب سے بہترین کام کس شخص  نےکیا ؟ مرتضیٰ وہاب نے ایسا نام لے لیا کہ آپ بھی بے ساختہ مسکرا اٹھیں 

عمران خان کے دور حکومت میں سب سے بہترین کام کس شخص  نےکیا ؟ مرتضیٰ وہاب نے ...
 عمران خان کے دور حکومت میں سب سے بہترین کام کس شخص  نےکیا ؟ مرتضیٰ وہاب نے ایسا نام لے لیا کہ آپ بھی بے ساختہ مسکرا اٹھیں 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں وفاقی حکومت میں صرف ایک شخص نے بہترین کام کیا ہے اور وہ شخص وزیر اعظم کا فوٹو گرافر ہے،میں سمجھتا ہوں وزیر اعظم اسمبلیاں نہیں توڑیں گے کیونکہ یہ غلطی اور یہ سلیکشن دوبارہ نہیں ہوگی۔

 سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں اب وہ سڑک پر سفر کرنے لگے ہیں،وہ  پہلی بار بازار میں نکلے تو ان کی ویڈیو اور تصاویر میں کوئی خریدار نظر نہیں آیا ،اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں، ایک تو یہ کہ مہنگائی بہت ہے اور لوگ خریداری نہیں کرسکتے یا دوسری وجہ یہ کہ کسی کو بازار میں آنے ہی نہ دیا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وزیر اعظم سے پریشان ہے، گذشتہ ایک سال میں گندم میں 19 فیصد، مرغی 85 فیصد، دودھ 13 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں60 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس نااہل حکومت نے امپورٹ کوڈبل اور ایکسپورٹ کو کم کردیا ہے، پاکستان جیسا زرعی ملک گندم، چینی اور کپاس امپورٹ کررہا ہے،شوکت ترین نے درست کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ غلط تھا کیونکہ انہیں ابھی مزید بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنا ہے اور عمران خان پاکستان کی عوام کو رلا رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پونے تین سال میں ملک کے قرضوں میں 12.4 کھرب سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹاک ایکسیچنج کی انڈکس میں گذشتہ پانچ ماہ میں پانچ فیصد کمی ہوئی کیونکہ سرمایہ داروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے،وزیر اعظم صاحب، سب بہتر نہیں ہے, آپ کی نااہل حکومت نے عوام کو بھنور میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کہتی تھی کہ معیشت کو بہتر کردیا ہے اور پیپلز پارٹی کہتی تھی کہ معیشت بہتر نہیں ہورہی ہے، اب ان کے وزیر خزانہ نے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید کی ہے،وزیر اعظم صاحب، اب اعلانات سے آگے بڑھ کر اقدامات کریں"۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے انہیں ووٹ نہ دے کر اپنا غصہ نکالا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -