اسلام آباد میں نوجوان نے سعودیہ پلٹ شہری کی بیوی سے شادی کرنے کے لیے اس کو موت کے گھاٹ اتار دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں ایک 18سالہ نوجوان نے آدمی کی بیوی کے ساتھ شادی کرنے کے لیے اس موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ سماءنیوز کے مطابق ملزم کی شناخت عاصم کے نام سے ہوئی ہے جس نے سیکٹر جی 11میں عامر نامی شخص کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ ڈی ایس پی خالد اعوان نے سماءنیوزکو بتایا کہ ملزم مقتول کی بیوی کے ساتھ شادی کرنا چاہتاتھا۔
عامر سعودی عرب میں کام کرتا تھا اور حال ہی میں واپس پاکستان آیا تھا اور 10دن قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی۔ قاتل اس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا تاہم جب اس کی شادی عامر کے ساتھ ہو گئی تو اس نے عامر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ ”لڑکی اپنے شوہر کو پسند نہیں کرتی تھی اور میں اسے اب دیکھ بھی نہیں سکتا تھا، جس پر میں غصے میں آ گیا اور اپنے بھائی کا پستول لے کر گیا اور اسے گولیاں مار دیں۔“ پولیس قتل کے جرم میں معاونت کرنے کے الزام میں عامر کی بیوی کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔