ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح ، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقیدی تیروں کی بوچھاڑ کردی

ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح ، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقیدی تیروں کی ...
ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح ، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقیدی تیروں کی بوچھاڑ کردی

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومتِ وقت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہوش کے ناخن لیں، ملک میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11 اعشاریہ ایک  فیصد جبکہ سالانہ شرح 14 اعشاریہ ایک فیصد تک پہنچ چکی ہے، ڈبلیو پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16.6 فیصد جبکہ ایس پی آئی کے مطابق تو ملک میں مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لارہا ہے، جب گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مختصر ہوتے افطار کے دسترخوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنارہے ہیں اور دوسری جانب عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں مگر خان صاحب اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کمرتوڑ مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کرکے غریبوں کے زخموں پرمرہم رکھا، تاریخ گواہ رہےگی کہ جب عمران خان مہنگائی کی قیامت ڈھارہےتھےتو پیپلز پارٹی مزدوروں کوبےنظیر کارڈ جاری کرکے ریلیف مہیا کررہی تھی۔انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بناکر ملک بھر کے مزدوروں کے لئے بے نظیر کارڈ جاری کرے گی،عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پا رہے، ملک کیا چلائیں گے؟ تیل، گھی، چینی، آٹے، دالوں، پھلوں، سبزیوں اور گوشت سمیت وہ کون سی ایسی شے ہے کہ جس کی قیمت میں اضافہ نہ ہوا ہو؟۔

مزید :

قومی -