اپنے چوری ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، شہباز شریف اور مریم نواز کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل

 اپنے چوری ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، شہباز شریف اور مریم نواز ...
 اپنے چوری ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، شہباز شریف اور مریم نواز کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل

  

 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف اور مرکزی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست کی منظوری کی خبر سن پر خوشی ہوئی، سیاسی حریفوں کے درمیان ووٹوں کے انتہائی کم فرق کی وجہ سے شفافیت کی خاطر یہ فیصلہ ہوا اور یقینا ووٹ کی ساکھ ہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ (ن))کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ اپنے چوری ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،دھاندلی دوبارہ گنتی میں پکڑی جائے یا اس کے بعد کے اقدامات میں مگر پکڑی تو جائے گی کیونکہ دھاندلی تو ہوئی ہے اور زیادہ دیر تک چھپی نہیں رہے گی،جب تک این اے   249 کے عوام کا حق ان کو واپس نہیں مل جاتا، ہم جانے نہیں دیں گے، یہ عوام کے ووٹ کی عزت کا سوال ہے کوئی مذاق نہیں ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مسترد ووٹوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔

مریم نواز شریف کا بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے  2018 کے انتخابات میں پانچ  فیصد سے کم مارجن سے ہارنے والے امیدواروں کے کیسز الیکشن کمیشن میں لے جانے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  الیکشن کمیشن سے 2018 ءکی نشستوں پر دوبارہ گنتی کا مطالبہ مسلم لیگ ن کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ،اس مطالبےکاسب سےزیادہ فائدہ ن لیگ کو ہو گا کیونکہ 2018ءکے الیکشن میں ن لیگ سب سے زیادہ دھاندلی کا شکار ہوئی تھی،مسلم لیگ ن وہ تمام نشستیں جیتے گی جن پر دھاندلی  کے ذریعے چند سو ووٹوں کے فرق سے ہرایا گیا ،مریم نواز نے اس تجویز پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

مزید :

قومی -