3 اولمپک تمغے جیتنے والی نوجوان کھلاڑی کی لاش اس کے گھر سے مل گئی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی سپرنٹر اور لانگ جمپر ٹوری بووی ، جنہوں نے تین اولمپک تمغے اور دو عالمی اعزازات جیتے تھے، 32 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ بووی اپنے اورلینڈو، فلوریڈا کے گھر میں مردہ پائی گئیں۔
دی گارڈین کے مطابق شیرف کے دفتر کا کہنا ہے کہ ایک 30 سالہ خاتون کو کئی روز سے دیکھا نہیں گیا تھا جس کے بعد پولیس اہلکار اس کی خیریت معلوم کرنے گئے تھے تاہم اس کی لاش ملی۔ محکمے نے مزید اعلان کیا کہ بووی کی موت مشکوک نہیں اس لیے تفتیش نہیں کی جا رہی ہے۔
ٹوری بووی کی منیجمنٹ ایجنسی آئیکون مینجمنٹ نے انسٹاگرام پر لکھا، 'ہم انتہائی افسوسناک خبر شیئر کر رہے ہیں کہ ٹوری بووی کا انتقال ہو گیا ہے۔ ہم نے ایک کلائنٹ، عزیز دوست، بیٹی اور بہن کو کھو دیا ہے۔ ٹوری ایک چیمپئن تھیں۔ ..روشنی کا ایک مینار جو بہت روشن ہے! ہم واقعی دل شکستہ ہیں اور ہماری دعائیں خاندان ، دوستوں اور ہر اس شخص کے ساتھ ہیں جو اس سے پیار کرتے ہیں۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ براہ کرم ہماری رازداری کا احترام کریں۔'
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باچ نے ایک ٹویٹ میں کہا، 'اولمپک گولڈ میڈلسٹ ٹوری بووی کے اچانک انتقال کے بارے میں جان کر صدمہ اور گہرا دکھ ہوا۔ غم کے اس لمحے میں، میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ ایک حقیقی چیمپئن تھیں۔'
ریو 2016 کے اولمپک گیمز میں سپرنٹر نے تین تمغے اپنے نام کیے تھے، انہوں نے 400 میٹر ریلے میں گولڈ، 100 میٹر ریلے میں سلور اور 200 میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ٹوری نے 2017 ورلڈ چیمپئن شپ میں 100 میٹر ریس اور 4x100 میٹر ریلے میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ 2019 میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، جہاں وہ لانگ جمپ میں چوتھے نمبر پر آئیں ، ان کا حالیہ بڑا بین الاقوامی مقابلہ تھا۔