لاس اینجلس ایئرپورٹ پر فائرنگ کے ملزم پر فردِ جرم عائد،سزائے موت ہو سکتی ہے: حکام

لاس اینجلس ایئرپورٹ پر فائرنگ کے ملزم پر فردِ جرم عائد،سزائے موت ہو سکتی ہے: ...

لاس اینجلس (آن لائن)لاس اینجلس ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مبینہ حملہ آور پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس پر ایک سکیورٹی اہلکار کو ہلاک کرنے کا الزام ہے۔ حکام کے مطابق وہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ہلاک کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔حملہ آور پر ایک وفاقی اہلکار کے قتل اور ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تشدد کی کارروائی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ الزامات ثابت ہونے پر اسے سزائے موت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ لاس اینجلس ایئرپورٹ پر فائرنگ کرنے والے پال سیانسیا کے پاس ایک تحریر تھی جس کے مطابق اس نے متعدد سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کامنصوبہ بنا رکھا تھا۔استغاثہ نے مزید بتایا کہ سیانسیا نے دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت چار دیگر افراد کو بھی گولیاں ماری جو زخمی ہوئے۔پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور زخمی ہو گیا تھا۔ اس وقت وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس نے تفتیش کاروں کے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔ اس کے بیگ سے برآمد ہونے والے ایک نوٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایجنسی(ٹی ایس اے) کے جس اہلکار کو نشانہ بنایا وہ اس کے لیے ’عداوت‘ رکھتا تھا۔لاس اینجلس میں ایف بی آئی کے دفتر کے سربراہ ڈیوڈ بوڈچ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے بیگ سے ملنے والے نوٹ کے مطابق اس نے ٹی ایس اے کے متعدد ملازمین کو نشانہ بنانے کا فیصلہ ہوش و حواس میں کیا۔استغاثہ نے بتایا ہے کہ سیانسیا نے مبینہ طور پر ٹی ایس اے کے ایک ایجنٹ گیرارڈو ہیرنانڈیز پر بہت قریب سے گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔ سیانسیا نے اس حملے میں اسمتھ اینڈ ویسن رائفل استعمال کی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے پاس کافی گولیاں تھیں۔ہلاک ہونے والے ٹی ایس اے کے اہلکار کی بیوہ اینا ہیرنانڈیز نے کہا ہے کہ شوہر کی ہلاکت سے وہ ٹ±وٹ گئی ہیں۔ انہون نے کہاکہ وہ ایک خوش مزاج شخص تھا، ہمیشہ مسکراتا رہتا تھا اور امریکی عوام کے لیے اپنی خدمت پر فخر کرتا تھا۔جمعے کو لاس اینجلس ایئرپورٹ پر فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ پروازوں کا نظام الاوقات بھی بری طرح متاثر ہوا۔

 مجموعی طور پر ڈیڑھ ہزار سے زائد فلائٹیں متاثر ہوئیں۔ یہ ہوائی اڈہ ہفتے کو 24 گھنٹے کی بندش کے بعد پوری طرح بحال ہوا۔امریکا کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے لاس اینجلس کے لیے شیڈول تمام پروازیں گراو¿نڈ کر دی تھیں۔

مزید : عالمی منظر