پاکستان نے انگلینڈ اور سری لنکا کو پیچھے چھوڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی

پاکستان نے انگلینڈ اور سری لنکا کو پیچھے چھوڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی

  

                            دبئی (سپورٹس ڈےسک)پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں تاریخی فتح حاصل کر کے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ جنوبی افریقہ بدستور سرفہرست اور آسٹریلوی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پیر کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقن ٹیم 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، پاکستان کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کھانے والی آسٹریلین ٹیم 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔ پاکستانی ٹیم کینگروز کے خلاف متحدہ عرب امارات کے مقام پر کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں غیر معمولی فتوحات کے ساتھ دو درجے ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ انگلش ٹیم 104 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، سری لنکا 101 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بھارت 96 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستانی ٹیم نے 26 میچز کھیل کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقہ نے 27 میچ کھیل کر پہلی، آسٹریلیا نے 35 میچز کھیل کر دوسری، انگلینڈ نے 39 میچز کھیل کر چوتھی اور سری لنکا نے 31 میچز کھیل کر پانچویں پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ آئی سی سی ٹیسٹ کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ میں سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا بدستور پہلے نمبر پر براجمان،کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل سنچریاں کرنے والے پاکستانی بلے باز یونس خان، مصباح الحق، اظہر علی اور سرفراز احمد کی پوزیشنز میں نمایاں بہتری آئی ہے، یونس خان ساتویں سے چھٹے، مصباح الحق 3 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین اور اظہر علی 9 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، سرفراز احمد 5 درجے بہتری پا کر 32 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی، کمار سنگاکارا پہلے، اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے، چندرپال تیسرے، میتھیوز ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے، ہاشم آملہ پانچویں نمبر پر موجود ہیں، یونس خان کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل تین سنچریاں بنا کر ایک درجہ ترقی پا کر ساتویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے، وارنر 3 درجے تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر آ گئے، مصباح الحق بھی کینگروز کے خلاف سیریز میں سنچریاں جوڑ کر 3 درجے بہتری پا کر 8 ویں نمبر پر پہنچ گئے، اظہر علی بھی مسلسل سنچریوں کی بدولت 9 سیڑھیاں چڑھ کر 27 ویں سے 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے، اسد شفیق ایک درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پر آ گئے، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 5 درجے ترقی پا کر 37 ویں سے 32 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ احمد شہزاد تین درجے گر کر 55 ویں نمبر پر آ گئے، آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک ناقص فارم اور کارکردگی کی وجہ سے ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین باﺅلرز میں بدستور سرفہرست ہیں، سعید اجمل دسویں نمبر پر برقرار ہیں، کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے والے یاسر شاہ لمبی چھلانگ لگا کر 36 ویں، ذوالفقار بابر 13 درجے ترقی پا کر 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آل راﺅنڈرز میں بھارت کے ایشون پہلے، فلینڈر دوسرے، شکیب الحسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -