یمنی سیاسی جماعتوں نے صدر کو حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپ دی

یمنی سیاسی جماعتوں نے صدر کو حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپ دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

صنعاء(این این آئی)یمن میں سرکردہ سیاسی جماعتوں اور نمائندہ شخصیات نے قومی عبوری حکومت کی تشکیل کا اختیار صدر عبد ربہ منصور ھادی کو سپرد کرتے پر اتفاق کیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے صدر مملکت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد کابینہ تشکیل دے ملک کو جاری سیاسی انارکی سے نکالیں۔اْدھر دوسری جانب اہل تشیع مسلک کے حوثی شدت پسندوں کے خلاف بھی احتجاجی جلوس نکالے گئے ۔ صنعاء میں حوثیوں کی مبینہ لوٹ مار اور ریاستی اداروں پر حملوں کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین حوثیوں اور ایران کے خلاف جبکہ صدر منصور ھادی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق مظاہرین نے صدر عبد ربہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں حوثیوں کی غنڈہ گردی کی روک تھام کے لیے عسکری کونسل کا اجلاس طلب کریں، سیکیورٹی فورسز کو زیادہ با اختیار بنایا جائے، صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام حوثی شدت پسندوں کو اپنی گردنوں پر مسلط کرنے کے بجائے مرضی کی قیادت چن سکیں۔خیال رہے کہ یمن میں حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری کی تازہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں حوثیوں نے صدر کو نئی حکومت کی تشکیل کے لیے 10 روز کا الٹی میٹم دیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -