اماراتی ولی عہد کا فوجی تربیتی مرکز کا اچانک دورہ

اماراتی ولی عہد کا فوجی تربیتی مرکز کا اچانک دورہ

  

دبئی (آن لائن)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے عجمان میں المنامہ کے مقام پر قائم نیشنل سکیورٹی فورسز کے بھرتی اور تربیتی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں نیشنل سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے فورس کی پیشہ وارانہ مہارت کا جائزہ لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق الشیخ محمد بن زاید نھیان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مْلک کو محفوظ اور پرامن بنانے میں تمام سکیورٹی اداروں کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سکیورٹی فورسز اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت سے ’یو اے ای‘ ناقابل تسخیر ہو چکا ہے۔

ولی عہد کے اس دورے میں الشیخ زید بن سلطان آل نھیان فاؤنڈیشن کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز الشیخ نھیان بن زاید آل نھیان اور سیکرٹری دفاع محمد احمد البواردی الفلاسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔المنامہ نیشنل سکیورٹی ٹریننگ سینٹر میں مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل حمد محمد ثانی الرمتی، بریگیڈیئر جنرل عیسیٰ سیف بن عیلان المزروعی، ڈپٹی آرمی چیف اور ریزور فوج کے بھی کئی اعلیٰ حکام نے ولی عہد کا استقبال کیا۔اماراتی ولی عہد کی آمد پر فوج کے ہیڈکواٹرز میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب میں الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے فوج کے افسروں اور سپاہیوں سے مصافحہ بھی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی ہر قسم کی ضرورت پوری کرنے کے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور ملک و قوم کے محافظوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی فوج میں شامل ہر سپاہی، افسر اور جوان اپنی ذمہ داریوں سے بہ خوبی آگاہ ہے اور وہ احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ ہر سپاہی جانتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے امن و استحکام کو ہر چیز پر ترجیح حاصل ہے۔تقریب کے بعد ولی عہد گراؤنڈ میں نئے بھرتی ہونے والے سپاہیوں کی ٹریننگ کا بھی جائزہ لیا اور جوانوں کی اسلحہ کے استعمال کی مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ولی عہد کو پیادہ فوج کے زیر تربیت دستے کی ٹریننگ کا بھی مشاہدہ کرایا گیا۔

مزید :

عالمی منظر -